تلنگانہ کی ترقی کیلئے کے سی آر کے اقدامات قابل ستائش
گجویل۔/9ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر اعلیٰ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے اپنی جہد مسلسل سے گذشتہ ایک دہے سے بھی زیادہ عرصہ سے مرکزی حکومت سے پسماندہ علاقہ تلنگانہ کو علحدہ ریاست قائم کرنے پر اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالتے ہوئے مجبور کرنے پر بالآخر مرکزی حکومت نے علحدہ ریاست تلنگانہ کا اعلان کردیا۔ بعد ازاں منعقدہ عام انتخابات میں علاقہ تلنگانہ کے عوام نے ٹی آر ایس کابھرپور ساتھ دے کر بھاری اکثریت سے اقتدار کی کرسی سونپی۔ اس بات کا اظہار حلقہ پارلیمان میدک اقلیتی تشہیری کنوینر جناب محمد عبدالقادر نے آج مستقر گجویل میں ٹی آر ایس اقلیتی قائدین کے اشتراک سے منعقدہ ایک جلسہ عام میں سدی پیٹ کے ٹی آر ایس وفد کے ہمراہ بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کیااور کہاکہ ٹی آر ایس سربراہ مسٹر چندر شیکھر راؤ علاقہ تلنگانہ میں بسنے والے اور خط غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے طبقات بالخصوص اقلیتوں کو زندگی کے ہر شعبہ حیات میں صف بہ صف آگے لانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور اقلیتوں کی فلاح و بہبودی کیلئے ایک ہزار کروڑ روپیوں کی منظوری کے علاوہ میناریٹی طبقات کو ہر شعبہ میں مکمل 12فیصد تحفظات دینے کا اعلان کیا جو کہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارت گولکنڈہ پر یوم جمہوریہ کے موقع پر قومی پرچم لہرانا اور بین الاقوامی کھلاڑی ثانیہ مرزا کی ہمت افزائی کرنے کے علاوہ ٹینس کو تلنگانہ کے عوام میں مقبول کرنے کے علاوہ بہترین کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے رقم منظور کرنے کا ادعا کرنا مسلم دوست کی شناخت کے مترادف ہے۔ انہوں نے عوام بالخصوص اقلیتی طبقات سے خواہش کی کہ تلنگانہ ریاست بنانے میں رکاوٹیں ڈالنے والی پارٹیوں کو سبق سکھانے کیلئے ٹی آر ایس پرچم تلے کھڑے امیدوار مسٹر کے پربھاکر ریڈی کو اپنا ووٹ دے کرمیدک پارلیمانی حلقہ میں ٹی آر ایس کا جھنڈا لہرانے میں مدد کریں۔سدی پیٹ کے دیگر قائدین محمد تاج الدین، محمد رفیق، محی الدین ( لڈو ) آصف اعجاز، جناب شہید خاں ( سعودی )، احمد عبدالماجد، محمد عبدالوحید، جمو خان، محمد مجیب کے علاوہ گجویل ٹی آر ایس قائدین غلام حیدر اقبال، محمد محمود علی، علیم الدین، محمد چاند، محمد سلمان خان کے علاوہ اقلیتوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کارروائی ریاستی ٹی آر ایس قائد جناب محمد جعفر خان نے چلائی۔ جلسہ میں موجود شرکاء کا جناب محمد حکیم نے شکریہ ادا کیا۔