گجویل۔ 6 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر گجویل کے علاوہ منڈلس، جگدیو پور، توپران، ورنگل کے علاوہ کونڈہ پاک منڈل کے ترکاری مارکٹوں میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ترکاریوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عوام بالخصوص غریب عوام پریشان حال ہے۔ گجویل مستقر میں آج بازار کے دن مارکٹ میں ہری مرچ 120 روپئے کیلو، ٹماٹر 100 روپئے کیلو، ترائی 80 روپئے کیلو، کریلا 80 کیلو، بیگن 60 روپئے کیلو، بھینڈی 70 روپئے کیلو، آلو 60 روپئے کیلو فروخت کی جارہی ہے جس سے عوام ان ترکاریوں کی دن بہ دن بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہونے کے علاوہ فی الحال یہ ترکاریاں عوام کی دسترس سے باہر ہیں۔ دوسری طرف بڑے جانور کے گوشت کی قیمت 260 روپئے کیلو اور بکرے کے گوشت کی قیمت 480 روپئے کیلو ہونے کے سبب گوشت کی خریداری سے بھی قاصر ہیں۔ ایسے میں متوسط درجہ کے عوام کو مہمان نوازی مشکل لگ رہی ہے اور لوگوں کو ترکاریوں کی بے تحاشہ قیمتوں پر بات کرتے دیکھا جارہا ہے۔