حلقہ اسمبلی گجویل سے کے سی آر کے مقابلہ سے کارکنوں میں جوش و خروش
گجویل ۔ 27 ۔ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گجویل پرگنیا پور میونسپلٹی کے انتخابات کیلئے جملہ 20 وارڈس میں 20 امیدوار میدان میں ہیں ۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے علاوہ 30 آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزمائی کیلئے اس مقابلہ میں شامل ہیں ۔ جبکہ تلگودیشم ، ٹی آر ایس اور کانگریس امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ درپیش ہے ۔ فی الحال یہ تینوں سیاسی جماعتوں کے قائدین ووٹرس کو اپنی طرف راغب کرنے میں ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے ساتھ ساتھ پرکشش وعدے کررہے ہیں ۔ حلقہ اسمبلی گجویل کے علاوہ مستقر گجویل میں تلگودیشم پارٹی کیڈر مستحکم ہونے پر بلدیہ کے تمام 20 وارڈس پر تلگودیشم امیدوار حلقہ اسمبلی گجویل تلگودیشم انچارج مسٹر بی پرتاب ریڈی کی قیادت میں گھر گھر پہونچ کر عوام سے ملاقات کررہے ہیں ۔ جبکہ ٹی آر ایس کا موقف جہاں کمزور تھا وہیں چار دن قبل سربراہ ٹی آر ایس مسٹر چندرا شیکھر راؤ حلقہ اسمبلی گجویل سے مقابلہ کے اعلان کے بعد ٹی آر ایس قائدین اور امیدواروں میں ایک نئی طاقت و جوش پیدا ہوگیا ۔ گجویل پرگنیا پور بلدیہ پر ٹی آر ایس ایم ایل اے ہریش راو کے اشارہ پر کئی ٹی آر ایس قائدین گزشتہ پانچ دن سے سدی پیٹ سے نقل مقام کرتے ہوئے انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے تو دوسری طرف رکن اسمبلی گجویل ٹی نرسا ریڈی کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے عوام کو طعام کا انتظام کرنے کے علاوہ مختلف ہتکنڈے استعمال کر کے بلدیہ پر کسی طرح اپنا سکہ جمانے میں مصروف ہیں ۔ یہاں یہ کہنا بے محل نہ ہوگا کہ کے سی آر کے گجویل سے مقابلہ کے اعلان کے بعد تلگودیشم اور کانگریس امیدواروں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ۔ ایک سروے کے مطابق کل ملا کر 20 وارڈس میں ٹی آر ایس کے امیدوار نہایت ہی جوش و خروش سے انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہیں اور 16 ویں وارڈ میں تلگودیشم کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والی محترمہ تسنیم النساء بیگم کی کامیابی یقینی ہوگئی ہے اور 17 وارڈ میں کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے محمد عبدالرحیم کی کامیابی کیلئے خواتین بشمول کانگریس کارکن رات دن انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہے ۔ اور بی جے پی 10 وارڈس میں اپنے امیدواروں کو کھڑا کر کے مہم چلا رہی ہے ۔ اس طرح 30 آزاد امیدوار اپنے اپنے حامیوں کے ہمراہ انتخابی مہم میں سرگرم ہے ۔