گجروں کی تہنیت میں ہاردک پٹیل کو تقریر سے روک دیا گیا

نئی دہلی 30 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) پٹیل کوٹہ احتجاج کے لیڈر ہاردک پٹیل کو آج گجروں کی جانب سے تہنیت پیش کرنے کی تقریب میں تقریر سے روک دیا گیا ۔ ہاردک نے جب تقریر شروع کی ایک گجر لیڈر راجیندر ماوی نے مداخلت کی اور ان پر جاٹ برادری کیلئے تحفظات کی وکالت کا الزام عائد کیا ۔ ماوی نے گجر مہاسنگھ کا صدر ہونے کا ادعا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں پٹیلوں کی حکومت ہے ۔ ماضی میں بھی ان کی حکومت رہی اس کے باوجود تحفظات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کوئی طاقت ہے جو ہاردک کی پشت پناہی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہاردک کی اس لئے مخالفت کر رہے ہیں کہ وہ اچھی حیثیت رکھنے والی پٹیل برادری کیلئے کوٹہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔