احمدآباد۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے بے شمارعہدیداروں ‘ وزراء کو دیگر ریاستوں کے دورہ پر بھیج رہے ہیں تاکہ وہاں گجراتیعوام اور مقامی افراد میں ریاست کی ترقی بارے میں جانکاری دی جاسکے ۔ اس پروگرام کے تحت ریاستی حکومت نے ارکان پارلیمنٹ ‘ اسمبلی اور پنچایت صدور ‘ میئرس وغیرہ کو گجرات کی حقیقی تصویر عوام کے سامنے پیش کرنے کیلئے دیگر ریاستوں کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 172 کابینی وزراء ‘ مملکتی وزراء ‘ ارکان اسمبلی وغیرہ مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے گجرات کی ترقی کو اُجاگر کریں گے ۔ بعض مخصوص معاملات میں عہدیداروں کو فضائی سفر کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔اس کے علاوہ انہیں رہائش اور دیگر سہولیات کیلئے رقم بھی دی جارہی ہے ۔
کانگریس کی راجیہ سبھا نامزدگیاں‘ شیلا ڈکشٹ امکانی امیدوار
نئی دہلی۔ 26؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ سابق چیف منسٹر دہلی شیلا ڈکشٹ راجیہ سبھا کی نشست کیلئے ہماچل پردیش یا ہریانہ سے امکانی امیدوار ہیں۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی نے اس مسئلہ پر باہم تبادلۂ خیال کیا تھا۔ 28 جنوری پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ چنانچہ کانگریس میں سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ سونیا اور راہول گاندھی کُل ہند کانگریس کے مختلف ریاستوں کے اُمور کے انچارج جنرل سکریٹریوں سے تبادلۂ خیال میں مصروف ہیں۔