گجرات کے ضمنی چناؤ میں بی جے پی کامیاب

احمدآباد 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں برسر اقتدار بی جے پی نے تمام چاروں اسمبلی نشستیں جیت لئے جہاں لوک سبھا چناؤ کے ساتھ ضمنی انتخابات منعقد کئے گئے تھے۔ اِس نتیجہ کے ساتھ برسر اقتدار پارٹی کی 182 رکنی ریاستی اسمبلی میں عددی طاقت اب 104 ہوگئی ہے۔ ووٹوں کی گنتی جمعرات کو شروع ہوئی لیکن قطعی نتائج کا اعلان آج صبح کیا گیا۔ ضمنی چناؤ کی ضرورت اِن سیٹوں پر کامیاب کانگریس ایم ایل ایز کے انحراف اور بی جے پی میں شمولیت کی وجہ سے پیدا ہوئی تھی۔ 4 موجودہ ارکان اسمبلی میں سے 3 کو جو مستعفی ہوکر بی جے پی میں شامل ہوئے، برسر اقتدارپارٹی نے اُن کی متعلقہ نشستوں کیلئے ہی انتخابی میدان میں اُتارا تھا۔