گجرات کے سرکاری تجارتی وفد کا عرب امارات کا دورہ

دبئی۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد جس کا تعلق ریاست گجرات سے ہے، متحدہ عرب امارات کا دورہ کررہا ہے اور اس نے خلیجی ملک کے عہدیداروں سے معاشی اور تجارتی تعلقات میں اضافہ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ نائب صدرنشین و مینیجنگ ڈائریکٹر گجرات انڈسٹرئیل ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے کل اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے غیرملکی تجارت برائے متحدہ عرب امارات جمعہ الکیت سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے امارات اور ہندوستان کے درمیان تمام سطحوں پر باہمی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت 2013ء میں 38 ارب امریکی ڈالرس سے زیادہ مالیت کی ہوچکی ہے۔ انہوں نے دورہ کنندہ وفد کو امارات کے منفرد سرمایہ کاری ماحول سے بھی واقف کروایا۔ وفد میں سرکاری طور پر سلطان المنصوری کو جنوری میں مقرر متحرک گجرات چوٹی کانفرنس 2015ء میں شرکت کی دعوت دی۔