مودی کو اقتدار حوالے کرنے کے خلاف مایاوتی کا انتباہ
لکھیم پور۔ 10 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج وادی پارٹی سربراہ اور سابق چیف منسٹر اترپردیش مایاوتی نے آج بی جے پی وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کو گجرات فسادات پر شدید تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر ایسے شخص کو اقتدار حاصل ہوجائے تو ملک بھر میں فسادات برپا ہوں گے ۔ انہوں نے انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی کو منتخب کرنے کے خلاف عوام کو خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے نریندر مودی کو وزارت عظمیٰ امیدوار مقرر کیا ہے
جن کی قیادت میں 2002 ء گجرات بدترین فسادات ہوئے ۔ اگر ایسا شخص مرکز میں اقتدار حاصل کرلے تو سارے ملک میں فسادات دیکھے جائیں گے۔ انہوں نے سیاسی حریف سماج وادی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں جب سے یہ جماعت اقتدار پر آئی ہے، قانون کی حکمرانی ختم ہوچکی ہے۔ یہاں غنڈوں اور مافیا کا راج ہے۔ قتل ، چوری ، ڈکیتی ، عصمت ریزی اور فسادات روز کا معمول بن گئے ہیں۔ مظفر نگر اور شاملی میں فسادات کیلئے سماج وادی پارٹی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ ان فسادات میں خاص طور پر مسلم طبقہ کا بہت زیادہ نقصان ہوا۔ انہوں نے مسلم طبقہ سے خواہش کی کہ وہ منقسم نہ ہوں اور بی جے پی کو مرکز میں اقتدار تک پہنچنے سے روکنے کیلئے ضروری ہے کہ مسلم طبقہ متحدہ طور پر بی ایس پی کی تائید کریں گے۔ مسلم ووٹوں کی تقسیم سے صرف بی جے پی کو فائدہ ہوگا۔