گجرات میں کانگریس کے مزید 3 ارکان اسمبلی مستعفی

احمدآباد ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا انتخابات سے قبل گجرات میں کانگریس کو مزید ایک دھکا لگا جب اس کے مزید 3 ارکان اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے جس کے ساتھ ہی اس پارٹی کو چھوڑنے والے ارکان اسمبلی کی تعداد 6تک پہنچ گئی۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی سے ارکان کی عحلدگی اس پارٹی کیلئے باعث تشویش بن گئی ہے جس نے 8 اگست کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں اپنے سینئر لیڈر احمد پٹیل کو امیدوار نامزد کی ہے۔ حلقہ اسمبلی بلاسینور کے کانگریسی رکن مانا سنہہ چوہان نے اسپیکر اسمبلی رمن لال ووہرہ کو آج صبح اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ دانسٹرا کے کانگریسی رکن چنا بھائی چودھری نے گذشتہ شب اسپیکر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ پیش کردیا، جس کے ساتھ ہی 182 رکنی گجرات اسمبلی میں کانگریسی ارکان تعداد 57 سے گھٹ کر 52 ہوگئی ہے۔ اس ریاست میں جہاں اس سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات مقرر ہیں، کانگریس مختلف مسائل کا سامنا کررہی ہے جہاں اس کے ایک سینئر لیڈر شنکر سنہہ واگھیلا نے گذشتہ ہفتہ کانگریس سے اپنا ناطہ توڑ لیا تھا۔
قبل ازیں بلونت سنہہ راجپوت نے جو اسمبلی میں کانگریس کے چیف وہپ تھے، گذشتہ روز تیجاشری بین پٹیل اور پرہلاد پٹیل کے ساتھ اپنی پارٹی چھوڑتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔