احمدآباد ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے بعد اور آئندہ سال ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کو آج ایک نئی قوت حاصل ہوگئی جب اس نے گجرات میں منعقدہ مجالس مقامی کے انتخابات میں 123 کے منجملہ 107 نشستوں پر شاندار کامیابی حاصل کی۔ گجرات کے چیف منسٹر وجئے روپانی نے اس فتح کو وزیراعظم کے حالیہ دو اہم اقدامات ’’سرجیکل حملوں اور نوٹوں کی منسوخی‘‘ کو عوام کی بھرپور تائید سے تعبیر کیا۔ گجرات کے مختلف علاقوں میں اتوار کو منعقدہ دو بلدیات، ایک تعلقہ پنچایت اور دیگر کئی مجالس مقامی کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ان انتخابات کے نتائج کا آج اعلان کیا گیا۔ آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل اصل اپوزیشن جماعت نے نے انتہائی کمزور مظاہرہ کیا جس کو صرف 16 نشستیں حاصل ہوئیں۔ ضلع ولساڈ کی واپی میونسپلٹی میں بی جے پی کو 44 کے منجملہ 41 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔