گجرات میں سچ اور جھوٹ کی جنگ :راہول

نانا پونڈہ (گجرات) /2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہابھارت میں پانڈوؤں اور کوروؤں کے درمیان جھڑپ سے تقابل کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ ان کی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان گجرات میں انتخابی مقابلہ ’’سچ اور جھوٹ کا مقابلہ‘‘ ہے ۔ جبکہ سچ کانگریس کی جانب ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم ان کی حکومت ، پولیس ، فوج ، حکومت گجرات ، یو پی ، مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ ایک طرف ہیں جبکہ کانگریس کے ساتھ سچائی کے سوائے اور کچھ نہیں ہے ۔ کوروؤں کی فوج اور ہتھیار زبردست تھے جبکہ پانڈوؤں کے پاس سچائی کے سوائے کچھ نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے پاس بھی سچائی کے سوائے اور کچھ نہیں ہے ۔ وہ ناناپونڈہ قصبے میں جو ضلع ولساڑ میں غالب قبائیلی آبادی والا قصبہ ہے ، ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوجوانوں کو ملازمتوں کا موقع نہیں دے سکے ۔ جبکہ انہوں نے اس کا تیقن دیا تھا ۔ انہوں نے ہر ہندوستانی کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ روپئے جمع کروانے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ بھی پورا نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس وہی بات کہتی ہے جس پر عمل کرسکے ۔