گجرات فسادات 2002ء: برطانوی شہریوں کی ہلاکت کے 6 ملزم بری

ہمت نگر (گجرات) /27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شہادتوں کے فقدان کا تذکرہ کرتے ہوئے خصوصی عدالت نے آج تین برطانوی شہریوں کی گجرات فسادات 2002ء میں ہلاکت کے 6 ملزموں کو بری کردیا۔ برطانوی شہری قصبہ پرانتیج (ضلع سابر کنٹھا) میں ہلاک ہوئے تھے اور حکومت برطانیہ نے پالیسی فیصلہ کیا تھا کہ حکومت گجرات سے ربط پیدا کرکے اس واقعہ کا مقدمہ چلانے پر زور دیا جائے۔ برطانوی ہائی کمیشن برائے ہندوستان کے نمائندہ بھی آج عدالت میں موجود تھے۔ مقدمہ کی تحقیقات کی سپریم کورٹ کی مقرر کردہ ایس آئی ٹی نے کی تھی۔ ملزمین پر قتل اور دیگر متعلقہ جرائم کے سلسلے میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ تین عینی شاہدین ایس آئی ٹی کو دیئے ہوئے اپنے بیان سے منحرف ہو جانے کی بناء پر ثبوتوں کی قلت پیدا ہو گئی تھی، چنانچہ عدالت نے تمام 6 ملزمین کو بری کردیا۔ اس واقعہ میں تین برطانوی شہری سعید، شکیل، محمد اسوت اور ان کا کار ڈرائیور یوسف پیرا گھر زندہ جلا دیئے گئے تھے۔ ملزمین پرہلاد پٹیل، رمیش پٹیل، منوج پٹیل، راجیش پٹیل اور کاٹو بھائی پٹیل ساکن پرانتیج بری کردیئے گئے۔