گجرات فسادات پر شردپوار کا بیان پرانی عادت : بی جے پی

نئی دہلی ۔23فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات فسادات پر نریندر مودی کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سربراہ شرد پوار کی تنقیدوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے بی جے پی نے آج ان پر الزام عائد کیا کہ ہر انتخابات سے قبل شرد پوار اپنے موقف سے منحرف ہوتے ہیں اور یہ ان کی پرانی عادت ہے ۔ بی جے پی نے کہا کہ پارٹی کو شردپوار کی جانب سے کسی سند کی ضرورت نہیں ہے ‘ بی جے پی ترجمان پرکاش جاؤڈیکر نے کہا کہ مودی کے تعلق سے شردپوار کا یوں انحراف ہونا سیاسی کھیل ہے جو اکثر وہ انتخابات سے قبل کھیلتے ہیں ۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا کے لیڈر کا یہ بیان ہمارے لئے حیرت انگیز نہیں ہے ۔ مہاراشٹرا کی عوام جانتے ہیں کہ ہر چار سال اور 9ماہ کے بعد شرد پوار اپنے سیاسی بیانات میں تبدیلی لارتے ہیں ۔ شردپوار ایک سیکولر اور ذات پات سے بالاتر لیڈر ہیں لیکن انتخابات سے تین ماہ قبل وہ خالص ذات پات پرست اور فرقہ پرست بن جاتے ہیں ۔