گجرات : سابق بی جے پی وزیر کانگریس میں شامل

زعفر انی جماعت کی کسان دشمن پالیسیوں پرسندرسنہہ چوہان کا احتجاج
احمد آباد ۔ /27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں بی جے پی کے ایک سابق وزیر سندرسنہہ چوہان حکمراں جماعت کی ’ کسان مخالف ‘ پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آج کانگریس میں شامل ہوگئے ۔ چوہان چار میعادوں کے لئے اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے ہیں اور اس دوران مملکتی وزیر کے عہدہ پر بھی فائز رہے تھے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر امیت شاوڈا اور گجرات میں کانگریس کے تنظیمی امور کے انچارج راجوی ستو نے انہیں اپنی پارٹی میں شامل کرلیا۔ سندر سنہہ چوہان ، سماجی انصاف ، بااختیاری ، محنت و روزگار کے قلمدان کے انچارج مملکتی وزیر تھے وہ کھیڑا تعلقہ کے محمد آباد اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کیا کرتے تھے لیکن کانگریس کے امیدوار گوتم چوہان نے انہیں 2012 ء میں شکست دی تھی اور 2017 ء میں بی جے پی نے انہیں مقابلہ کے لئے ٹکٹ نہیں دیا تھا ۔ سندر سنہہ چوہان نے کانگریس میں شمولیت کے بعد کہا کہ بی جے پی کی کسان دشمن پالیسیوں کے سبب وہ اس پارٹی سے مستعفی ہوئے ہیں ۔ کانگریس کے ترجمان منیش دوشی نے کہا کہ بی جے پی کے ایک اور سابق رکن اسمبلی لال جی میر جو حال ہی میں اپنی پارٹی سے مستعفی ہوچکے ہیں چہارشنبہ کو کانگریس میں شامل ہوجائیں گے ۔