احمدآباد 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے این سی پی کی مقامی کارکن خاتون کو اُس وقت زوردار طمانچہ رسید کرنے کے بعد لات مار کر گھسیٹتے ہوئے باہر نکال دیا جب یہ خاتون احمدآباد میں پانی کی سربراہی کی درخواست کے ساتھ رجوع ہوئی تھی۔ یہ بدبختانہ واقعہ کیمرے میں قید کرلیا گیا اور اس کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی سے گشت کرنے لگا جس کے پیش نظر نروڈہ کے بی جے پی رکن اسمبلی بلرام تھوانی کو معذرت خواہی کے لئے مجبور ہونا پڑا۔ اس واقعہ کی کانگریس، این سی پی اور دیگر جماعتوں نے سخت مذمت کی ہے۔