گجرات آج گھریلو میدان میں دہلی کے خلاف کامیابی کاخواہاں

راجکوٹ ۔ 2 ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) کنگس الیون پنجاب کے خلاف گذشتہ مقابلہ میں ہوئی حیران کن شکست کے بعد آئی پی ایل کی ٹیموں کے جدول میں پہلے مقام پر فائز گجرات لائنس کل یہاں اپنے گھریلو میدان میں کھیلے جانے والے آخری مقابلہ میں دہلی ڈیرڈیولس کے خلاف کامیابی کیلئے کوشاں ہے ۔گجرات جس کی تین مقابلوں میں مسلسل فتوحات کا سلسلہ پنجاب کے خلاف ٹوٹا جیسا کہ اسے 23 رنز کی شکست برادشت کرنی پڑی لیکن اس شکست کے باوجود گجرات 8 مقابلوں میں 12نشانات کے ذریعہ ہنوز پہلے مقام پر فائز ہے ۔ گجرات کی بیٹنگ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برنڈن مکالم اور ڈیون اسمتھ کے ارد گرد گھوم رہی ہے ‘ جیسا کہ جب یہ دونوں رنز بنا رہے ہیں تو گجرات کی ٹیم 200 رنز کا اسکور بھی آسانی سے حاصل کر پار ہی ہے ۔ گذشتہ مقابلہ میں دونوں ہی کھلاڑیوں کے جلد آوٹ ہونے کا گجرات کو نقصان اٹھانا پڑا۔ حالانکہ کپتان سریش رائنا اور دنیش کارتک نے بھی ٹیم کے لئے کارآمد تعاون کیا ہے  لیکن گذشتہ مقابلہ میں یہ دونوں بھی جلد پویلین لوٹ گئے جس کے بعد مڈل آرڈر کی کمزریاں سامنے آئی ہیں ۔ براوو اور جڈیجہ بولنگ سے رائنا کے لئے بہتر مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن ان کی بیٹنگ کپتان کو مایوس کر رہی ہے جو کہ تشویش کا باعث ہے ۔براوو جنہوں نے 8 مقابلوں میں دس وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن بیاٹ سے انہوں نے صرف 52 رنز ہی اسکور کئے ہیں نیز جڈیجہ نے بھی 7 مقابلوں میں 5 وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن وہ بھی 53 رنز بناتے ہوئے مایوس کیا ہے ۔ بولنگ شعبہ میں فاسٹ بولر دھون کلرنی اور پروین کمار نے امیدوں کے مطابق بولنگ کی ہے جبکہ شیول کوشک نے پنجاب کے خلاف 20 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے ہوئے متاثر کن مظاہرہ کیا ہے ۔ دوسری جانب دہلی جسے اپنے گھریلو میدان میں گجرات کے خلاف ایک رن کی قریبی شکست برداشت کرنی پڑی تھی وہ اب میزبان کے خلاف اسی کے گھریلو میدان میں کامیابی کے لئے کوشاں ہے ۔ راہول ڈراویڈ کی سرپرستی اور ظہیر خان کی قیادت میں دہلی نے رواں سیزن انتہائی شاندار مظاہرے کئے ہیں جیسا کہ 6 مقابلوں میں اس نے 4 فتوحات حاصل کی ہیں ۔ گجرات اور کولکتہ کے خلاف اسے ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے ۔ جنوبی افریقی کھلاڑی کوئنٹن ڈیکاک جنہوں نے رواں سیزن کی پہلی سنچری 51 گیندوں میں 108 رنز کی شکل میں بنائی ہے تاہم وہ اس شاندار مظاہرہ کو مزید آگے بڑھانے میں ناکام ہیں ۔ دوسرے اوپنر سریاش ایئر بھی مسلسل ناکام ہو رہے ہیں ۔ دہلی کے لئے جب ضرورت رہی نوجوان بیٹسمن سنجیو سام سنگ‘ ترون نیئر اور جنوبی افریقی بیسٹمن جے پی ڈومنی نے بہتر مظاہرے کئے ہیں ۔ علاوہ ازیں دہلی کے لئے پہلا مقابلہ کھلینے والے سام بلنگس نے 34 گیندوں میں 54 رنز اسکور کئے ہیں ۔ ٹوئنٹی20  ورلڈ کپ کے ہیرو گریک براتھ ویٹ نے 11 گیندوں میں 34 رنز اسکور کرتے ہوئے اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے ۔ علاوہ ازیں جنوبی افریقی آل رونڈر کریس مورس بھی گجرات کے لئے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں جنہوں نے گذشتہ مقابلہ میں محض 32 گیندوں میں 82 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی ہے۔ دہلی کا بولنگ شعبہ بھی طاقتور دکھائی دیتا ہے ۔ ظہیر خان کی قیادت میں محمد سمیع سے پھر ایک بہتر مظاہرہ کی امید کی جا رہی ہے ۔