گجرات اسکولی نصاب میں مودی کی سوانح حیات شامل کرنے کا فیصلہ

گاندھی نگر۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ِ گجرات نے نریندر مودی کی سوانح حیات کو آئندہ تعلیمی سال سے اسکولی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم بی چڈا ساما نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ مختلف ابواب میں مودی کی پیدائش، خاندانی پس منظر اور اسکول کے دنوں کے علاوہ زندگی کے مختلف مراحل میں انہوں نے جو جدوجہد کی ہے، ان تمام کا احاطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اہم واقعات کی قطعی فہرست تیار کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے اور ان واقعات کو پرائمری اسکولس جیسے پانچویں، چھٹویں اور ساتویں جماعت کے نصاب میں شامل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بچوں میں قائدانہ صلاحیت پروان چڑھانے کے مقصد سے یہ فیصلہ کیا گیا۔ گجرات کانگریس نے حکومت کے اس فیصلے پر نکتہ چینی کی۔ پارٹی ترجمان منیش دوشی نے کہا کہ مودی کو خوش کرنے کیلئے ایسی سخت محنت کے بجائے ریاستی حکومت کو چاہئے کہ ضرورت مند بچوں کو سرواسکھشا ابھیان کے تحت تدریسی کتب کی دستیابی یقینی بنائے۔