گاڑیوں کے انجن اور چیسی نمبر میں الٹ پھیر

۔5 رکنی ٹولی بشمول سرغنہ گرفتار : ڈی سی پی آر کشن راؤ
حیدرآباد ۔ /28 فبروری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے 5 رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا جو گاڑیوں کے انجن اور چیسی نمبر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے گاڑیاں فروخت کررہے تھے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر رادھا کشن راؤ نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ ہتیش پٹیل ہے جو موٹر سائیکلوں کا بروکر ہے اور وہ رائیل انفیلڈ بولیٹ اور دیگر موٹر سائیکلوں کے کاروبار کیا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہتیش پٹیل کو مٹھائی کے کاروبار میں نقصان ہونے کے نتیجہ میں اس نے سال 2015 ء میں موٹر سائیکلوں کی خرید و فروخت کا کاروبار شروع کیا اور وہ اکثر اسکراپ گودام سے انتہائی خستہ حالت میں موجود رائل انفیلڈ ، یاماہا اور بولیٹ موٹر سائیکلیں ہراج میں حاصل کیا کرتا تھا ۔ پٹیل مقامی موٹر سائیکل میکانک ، میچال مودی، وٹھل راؤ (آر ٹی اے ایجنٹ) ، حکیم ابو ناصر اور محمد عارف کی مدد سے ہراج اور اسکراپ گودام سے حاصل کئے گئے موٹر سائیکلوں کو فروخت کرنے کیلئے ان کے فرضی آر سی بکس تیار کروایا کرتا تھا جس میں آر ٹی اے ایجنٹ وٹھل راؤ مدد کیا کرتا تھا ۔ پرانی موٹر سائیکلوں کو ری ماڈل کرنے اور گاڑی کے انجن اور چیسیز نمبر تحریر کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں کو فروخت کیا جارہا تھا ۔ ٹاسک فورس نے اس کارروائی میں ہتیش پٹیل اور اس کے ساتھیوں کے قبضے سے 15 رائل فیلڈ ، 2 یاماہا موٹر سائیکلوں کو برآمد کرلیا ۔