گاندھی ۔ منڈیلا سیریز کیلئے دونوں بورڈس میں تبادلہ خیال

جوہانسبرگ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ ساؤتھ آفریقہ (سی ایس اے) اور بی سی سی آئی کے درمیان گاندھی۔ منڈیلا سیریز کو آئندہ دو برسوں کے دوران منعقد کرنے پر تبادلہ خیال کے علاوہ اس سیریز کو یقینی بنانے کیلئے سرگرمیاں اختتامی مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔ سی ایس اے کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگٹ جوکہ یہاں جنوبی آفریقی ٹیم کے نئے یونیفارم کو متعارف کرنے کے ضمن میں منعقدہ تقریب میں شرکت کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے گاندھی۔ منڈیلا سیریز کے نظریہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ یہ تاریخی سیریز جوکہ جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے درمیان کھیلی جائے گی، اس میں سیریز کے دوران 4 ٹسٹ مقابلے ہوں گے جو پہلے ہندوستان میں منعقد ہوگی جس کے بعد 2018ء میں سیریز کا دوسرا حصہ جنوبی آفریقہ میں منعقد ہوگا۔ دونوں ممالک میں فی کس 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کو یادگار بنانے کے لئے اس کا نام ’’منڈیلا۔ گاندھی سیریز‘‘ رکھا گیا ہے۔ یہاں تقریب کے دوران جنوبی آفریقی ٹیم کے نئے لباس کو متعارف کیا گیا ہے

جسے ٹیم آئندہ ماہ سے تینوں طرز کی کرکٹ میں زیب تن کرے گی ، اس موقع پر ہارون لورگٹ نے ٹیم کے چند اُبھرتے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی دِل کھول کر ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی جوکہ آئی پی ایل کے بشمول دنیا کی دیگر لیگس میں شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ جنوبی آفریقہ کا نام سارے عالم میں مشہور کررہے ہیں۔ لورگٹ نے کہا کہ سی ایس اے گزشتہ 18 ماہ سے ٹوئنٹی20 کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز کررکھی ہے تاکہ آئندہ برس ہندوستان میں منعقد شدنی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم سے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں۔ کثیر رقم سے ٹیم کے نئے لباس کی تیاری عمل میں آئی ہے لہٰذا لورگٹ نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہم کچھ بھی پہن کر کرکٹ کھیلتے تھے لیکن آج ٹیکنالوجی کی مدد سے ایسے بہترین لباس تیار کئے جارہے ہیں جو واضح فرق پیدا کرتے ہیں۔