گاندھی نگر سے اڈوانی کی نامزدگی کی سفارش

احمدآباد 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گجرات بی جے پی اپنے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی کی ان کے قدیم حلقہ گاندھی نگر سے دوبارہ نامزدگی کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نریندر مودی کی گاندھی نگر میں واقع رہائش گاہ پر آج منعقدہ بی جے پی کے ریاستی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں کہا گیا کہ بی جے پی کی گجرات یونٹ یہ پرزور سفارش بھی کرے گی کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی اپنی آبائی ریاست سے بھی مقابلہ کریں کیونکہ یہ گجرات کے عوام اور بی جے پی ورکرس کی خواہش اور مطالبہ ہے۔ ریاستی پارلیمانی بورڈ نے اپنی مرکزی قیادت کو یہ سفارشات پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی جے پی کی گجرات ریاستی یونٹ کے صدر آر سی فلدو نے نئی دہلی کو یہ سفارشات لے جائیں گے جہاں بی جے پی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کا کل ایک اجلاس منعقد ہوگا جس میں گجرات کے امیدواروں پر قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔

بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری وجئے روپانی نے کہاکہ ریاست کے 26 حلقوں کے منجملہ 25 حلقوں میں فی کس تین تین ناموں کے ایک پیانل کو قطعیت دی گئی ہے۔ صرف ایک نشست گاندھی نگر کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا کیونکہ اس حلقہ سے ہم نے اپنے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی جی کیلئے سفارش کی ہے۔ یہ قیاس آرائیاں بھی کی جاتی رہی ہیں کہ ایک سینئر لیڈر مرلی منوہر جوشی کی طرح اڈوانی سے بھی کہا جائے گا کہ وہ کسی دوسری نشست سے مقابلہ کریں تاکہ بی جے پی گاندھی نگر سے نریندر مودی کو نامزد کرسکے۔ اڈوانی نے قبل ازیں حلقہ گاندھی نگر پر اپنا دعویٰ پیش کیا تھا جہاں سے وہ لگاتار پانچ مرتبہ کامیاب ہوچکے ہیں۔ مودی کی امیدواری کے بارے میں روپانی نے کہاکہ ’’ریاستی یونٹ نے پرزور سفارش کی ہے کہ گجرات کے چھ کروڑ عوام اور پارٹی کارکنوں نے غیرمعمولی شدت و گرم جوشی سے خواہش اور مطالبہ کیا ہے کہ نریندر بھائی مودی کو گجرات کے کسی ایک حلقہ سے بھی مقابلہ کرنا چاہئے‘‘۔

بی جے پی پہلے ہی یہ اعلان کرچکی ہے کہ نریندر مودی اترپردیش میں مندروں کے شہر ورانسی سے مقابلہ کریں گے۔ یہ نشست ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی کی ہے جن سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی دوسرے حلقہ سے مقابلہ کرلیں۔ روپانی نے کہاکہ ’’مودی اور اڈوانی کے بارے میں سنٹرل الیکشن کمیٹی کل دہلی میں منعقد شدنی اجلاس میں قطعی فیصلہ کرے گی‘‘۔ اس سوال پر کہ بی جے پی کے ریاستی پارلیمانی بورڈ نے آیا گجرات سے مودی کیلئے کسی نشست کی سفارش کی ہے؟ روپانی نے جواب دیا کہ ’’احمدآباد، سورت، راجکوٹ اور ودودرہ جیسی کئی نشستوں (سے مودی کے مقابلہ کیلئے) مطالبے کئے جارہے ہیں لیکن ہم نے کسی نشست کا نام نہیں دیا ہے جہاں سے مودی کو مقابلہ کرنا چاہئے‘‘۔ قبل ازیں روپانی نے کہا تھا کہ مودی گجرات کے کسی ایک حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔ لوک سبھا انتخابات کیلئے گجرات میں 30 اپریل کو رائے دہی مقرر ہے۔