گاندھی جی کی برسی کے موقع پر یوم قومی یکجہتی منانے کا اعلان

ملک بھر میں فرقہ وارانہ کشیدگی پر سی پی آئی کا اظہار تشویش
ناگپور ۔ 19 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سنگھ پریوار پر سماج میں شیرازہ بندی کا الزام عائد کرتے ہوئے سی پی آئی نے آج کہا کہ گھر واپسی اور بہو بیٹی بچاؤ جیسے پروگرام کا اصل مقصد حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹاتا ہے۔ لیفٹ پارٹی نے سیکولر طاقتوں سے پر زور اپیل کی کہ 30 جنوری کو مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر یوم قومی یکجہتی منایا جائے اور عوام کو یہ بتایا جائے کہ بابائے قوم کے قتل کے ذمہ دار کون ہیں۔ ناگپور میں منعقدہ نیشنل کونسل اجلاس میں منظورہ ایک قرارداد میں سی پی آئی نے کہا کہ نریندر مودی کی 6 ماہی حکومت میں ملک کے مختلف حصوں میں 800 سے زائد فرقہ وارانہ فسادات پیش آئے ہیں جبکہ گھر واپسی ، لو جہاد اور بہو بیٹی بچاؤ مہم کے ذریعہ اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش میں ہے۔ دوسری طرف اکثریتی اور اقلیتی بنیاد پرست فرقہ وارانہ صف بندی کیلئے سرگرم ہیں۔ پارٹی نے یہ الزام عائد کیا کہ سنگھ پریوار سماج میں انتشار پیدا کرنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔ قرارداد میں کہا گیا کہ سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو فرقہ پرستی کے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہوجانا چاہئے اور مہاتما گاندھی کے قتل کے ذمہ دار گھناؤنے چہروں کو بے نقاب کرایا جائے جو کہ راست یا بالراست قومی یکجہتی کو خطرہ پیدا کر رہے ہیں۔