گاندھی جی کو قوم کا خراج عقیدت

نئی دہلی، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قوم نے آج مہاتما گاندھی کی 68 ویں برسی کے موقع پر انہیں یاد کیا جبکہ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے میں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کی قیادت کی۔ پرنب مکرجی، نائب صدر محمد حامد انصاری اور نریندر مودی نے راج گھاٹ پر گاندھی جی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ علاوہ ازیں صدر کانگریس سونیا گاندھی نے راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد اور سابق چیف منسٹر شیلا ڈکشٹ کے ساتھ پہنچ کر گاندھی میموریل پر عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی، مرکزی وزراء مہیش شرما، بابل سپریو اور راؤ اندرجیت سنگھ، فوج کے سربراہان جنرل دلبیر سنگھ، ایر چیف مارشل انوپ رہا اور ایڈمیرل روبن دھون نے بھی گلہائے عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر کُل مذہبی دعائیہ اجتماع منعقد کیا گیا۔