نئی دہلی۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)حکومت ِ گوا کی جانب سے تعطیلات کی فہرست میں 2 اکتوبر (گاندھی جینتی) حذف کئے جانے کا مسئلہ آج کانگریس نے آج راجیہ سبھا میں اٹھایا۔ مرکز نے بی جے پی زیراقتدار ریاست کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ طباعت کی غلطی تھی جسے درست کیا جارہا ہے۔ شانتا رام نائیک (کانگریس) نے وقفۂ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت ِ گوا کا یہ اقدام گاندھی جی کی کھلے عام توہین ہے۔ اس حرکت کی سخت مذمت کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہورہا ہے چنانچہ حکومت گوا کے ارادوں کے بارے میں شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں رہی۔ گوا میں بی جے پی حکومت گاندھی جی اور سینٹ زیویئر کی توہین کیلئے جانی جاتی ہے۔ اس سے پہلے بھی ان کی یوم پیدائش پر تعطیلات کو حذف کیا گیا تھا۔ منسٹر آف اسٹیٹ پارلیمانی اُمور مختار عباس نقوی نے جواب دیا کہ گاندھی جینتی ایک قومی تعطیلات ہے اور کسی ریاست کیلئے مخصوص نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پرنٹنگ کی غلطی تھی جسے دور کیا جارہا ہے۔