گانجہ کی فروخت میں ملوث شخص گرفتار

حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی (سیاست نیوز) شہر میں گانجہ کا کاروبار میں ملوث ایک شخص کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے گانجہ اور اسمگلنگ میں استعمال کئے جانے والی کار برآمد کرلی۔ بتایاجاتاہے کہ 23 سالہ کے ہیرا لال ساکن ایل بی نگر اپنے ایک ساتھی 24 سالہ گنو متوطن وشاکھاپٹنم کی مدد سے شہر میں گانجہ کا کاروبار کر رہا تھا، ٹاسک فورس پولیس نے ہیرا لال کی کار کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا ۔ تفتیش کے دوران ہیرا لال نے بتایا کہ وہ گریجویشن کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد نوکری کی تلاش میں تھا کہ اسے یہ معلوم ہوا کہ گانجہ کے کاروبار سے آسانی سے روپئے کمایا جاسکتا ہے ۔ اس ضمن میں اس نے وشاکھاپٹنم کے ایجنسی علاقہ سے تعلق رکھنے والے گنو رابطہ قائم کیا اور اپنے دوسرے دوست کے سینو کی مدد سے 23 کیلو گانجہ فی کیلو 1100 روپئے خرید کر اسے شہر منتقل کیا اور خواہشمند گاہکوں کی تلاش میں تھا کہ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزم علاقہ دھول پیٹ ، منگل ہاٹ پہنچنے کیلئے ملک پیٹ سلیم نگر کالونی سے گزر رہا تھا کہ اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ گرفتار ملزم کو ٹاسک فورس نے ضبط شدہ کار اور گانجہ کے ساتھ پولیس اسٹیشن ملک پیٹ کے حوالے کردیا ۔