گانجہ کی اسمگلنگ 3 رکنی ٹولی گرفتار

حیدرآباد 17 فبروری (سیاست نیوز)بڑے پیمانے پر گانجہ کی اسمگلنگ میں ملوث تین رکنی ٹولی کو کمشنر ٹاسک فورس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 48 کیلو گانجہ برآمد کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹی ریڈی نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 28 سالہ اٹل کمار دوبے ہے جس کا تعلق بہار سے ہے اور وہ ریل کے اے سی کوچ کے ذریعہ گانجہ کی اسمگلنگ میں ملوث ہے ۔ دوبے اکثر وشاکھاپٹنم سے کم دام میں گانجہ حاصل کرنے کے بعد اسے غیر قانونی طور پر ہریانہ منتقل کرتا ہے ۔ دوبے گانجہ کی اسمگلنگ کیلئے خواتین کا بھی استعمال کیا کرتا ہے جن کا تعلق دہلی اور اتر پردیش سے ہیں۔ مسٹر کوٹی ریڈی نے بتایا کہ اٹل کمار دوبے گانجہ فراہم کرنے والے اور حاصل کرنے والوں کیلئے ریلوے کے اے سی کوچ کے ٹکٹس فراہم کرتے ہوئے آسانی سے دیگر ریاستوں کو گانجہ کی اسمگلنگ میں ملوث ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمگلنگ کے سلسلہ میں دوبے نے راج پروہت ساکن پٹیل نگر عنبر پیٹ اور اس کے ایجنٹس وجئے چودھری اور ارون کمار ٹھاکر کی مدد سے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر اپنی سوئفٹ کار میں گانجہ منتقل کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ ٹاسک فورس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے کار سے پانچ بیاگس برآمد کئے جس میں 48 کیلو گانجہ برآمد کیا گیا۔ گرفتار افراد کو ضبط شدہ منشیات کے ساتھ سی سی ایس پولیس کے حوالے کردیا گیا۔