حیدرآباد ۔ /29 اگست (سیاست نیوز) شہر میں گانجے کے کاروبار میں ملوث ایک شخص کو ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 53 سالہ پرکاش سنگھ ساکن سن سٹی بنڈلہ گوڑہ پیشہ سے دھوبی ہے اور معقول آمدنی نہ ہونے کے نتیجہ میں اس نے گانجہ کا کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پرکاش سنگھ نے گانجہ کے کاروبار کیلئے لکشمی نگر لنگر حوض کے گانجہ سربراہ کرنے والے بھرت سنگھ سے رابطہ قائم کیا اور گانجہ فروخت کرنے پر روزانہ 500 روپئے دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ سابق میں پرکاش سنگھ کو گانجہ کے کاروبار میں ملوث ہونے پر اسے گرفتار کیا گیا تھا اور اسے جیل بھیج دیا گیا تھا ۔ لیکن جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ دوبارہ سرگر م ہوگیا اور اس نے بھرت سنگھ سے دوبارہ تین کیلو گانجہ حاصل کرکے اسے شہر میں فروخت کرنے کی کوشش کی اور علاقہ لنگر حوض سے گزررہا تھا کہ ٹاسک فورس پولیس نے اسے گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے 3 کیلو گانجہ اور اسمگلنگ میں استعمال کی جانے والی گاڑی برآمد کرلی ۔