گانجہ سے چاکلیٹ کی تیاری پر ڈاکٹر گرفتار

سائبرآباد پولیس کی کارروائی، ملزم سے اشیاء ضبط
حیدرآباد ۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) گانجہ سے چاکلیٹ تیار کرنے والے ایک ڈاکٹر کو سائبرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ یہ ڈاکٹر جو شہر کے میڈیکل کالج سے فارغ تھا اور نمس ہاسپٹل میں ریسرچ کوآرڈینیٹر کی خدمات انجام دے چکا ہے۔ گانجہ سے چاکلیٹ تیار کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔ راچہ کنڈہ کو اسپیشل آپریشن ٹیم نے ایک خفیہ اطلاع پر اس ڈاکٹر شجاعت علی خاں 35 سالہ کو گرفتار کرلیا جو بہادرپورہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ اپنے ایم بی بی ایس تکمیل کے بعد اس ڈاکٹر کو نمس میں خدمات انجام دینے کا موقع ملا تھا،  جس کے بعد اس نے ایک جم میں بطور نیوٹریشن خدمات انجام دینی شروع کردی۔ پولیس کے مطابق یہ ڈاکٹر رگوں اور نسوں کے امراض کا ماہر ہے۔ تاہم گھریلو اخراجات اور زندگی بسر کرنے کیلئے معقول آمدنی اس ڈاکٹر کو دستیاب نہیں تھی۔ تاہم اس نے ایک منصوبہ تیار کیا اور گانجہ سے چاکلیٹ تیار کرنا شروع کردیا۔ ایس او ٹی پولیس نے یہ تفصیلات بتائی۔ گانجہ سے چاکلیٹ تیار کرنے کے بعد اس چاکلیٹ کو فروخت کرنے کیلئے اس نے ایک ویب سائیٹ تشکیل دی اور اپنے پراڈکٹ کی تشہیر شروع کردی جو بھی اس کے رابطہ میں آتا اس کو وہ چاکلیٹ کی خصوصیت اور تفصیلات فراہم کرتا تھا۔ اس چاکلیٹ کے استعمال کے بعد 6 تا 8 گھنٹے تک استعمال کرنے والا مدہوش رہتا تھا۔ اس چاکلیٹ کے استعمال سے دماغ اور جسم کے دیگر اعضاء اس کے عادی بن جاتے ہیں جس کا یہ فائدہ اٹھا رہا تھا۔ پولیس نے دھاوے کے دوران اس کے قبضہ سے ضروری اشیاء ضبط کرلی اور مصروف تحقیقات ہے۔