گالف چمپئن شپ کی میکسیکو منتقلی، ڈونالڈ ٹرمپ چراغ پا

میامی ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ریپبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کے خلاف متنازعہ بیانات دینے کے بعد کھیلوں کے معاملات میں بھی اعتراضات کرنا شروع کردیا۔ ٹرمپ نے 2017 ورلڈ گالف چمپئن شپ میامی سے میکسیکو منتقل ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ریپبلکن پارٹی کے امیدوار نے پروفیشنل گالف اسوسی ایشن ( پی جی اے ) کے فیصلے کو امریکہ اور گالف کی دنیا کیلئے افسوسناک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پی جی اے نے پہلے میگا ایونٹ کی میزبانی امریکہ کو دی تھی اور اب اس کی میزبانی اس لئے تبدیل کردی کیونکہ وہ امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی جی اے کا فیصلہ سیاسی ہے جس کہ وجہ سے امریکہ کروڑوں ڈالرز کمانے سے محروم ہوجائے گا۔ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ میکسیکو، امریکہ کی معیشت کو کمزور کرنا چاہتا ہے اور میکسیکو نے بڑی آمدنی حاصل کرنے کیلئے پی جی اے سے گٹھ جوڑ کیا ہے۔ 2017ء ورلڈ گالف چمپئن شپ میامی ڈورال کورس میں انعقاد کرنے کا پروگرام تھا اور میامی ڈورال کورس کے مالک صدارتی امیدوار ٹرمپ ہیں۔ پی جی اے کے مطابق ٹرمپ کے ڈورال کورس کو اسپانسرز شپ نہ ملنے کی وجہ سے میگا ایونٹ میکسیکو کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔ اس حوالے سے پی جی اے ٹور کمشنر ٹم تھومی فنچیم کا کہنا ہے کہ ایونٹ کو امریکہ سے میکسیکو منتقل کرنے کا فیصلہ غیر سیاسی ہے، پی جی اے کو ڈونالڈ ٹرمپ سے کوئی مسئلہ نہیں، سیاسی نقطہ نظر سے ہم غیر جانب دار ہیں، پی جی اے ٹور کو اس سے کوئی مطلب نہیں کہ کون صدارتی الیکشن میں حصہ لے رہا ہے۔ بعدازاں انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹرمپ کی وجہ سے ٹورنمنٹ کو زیادہ اسپانسرز شپ ملنا مشکل ہوگیا تھا۔ 2017 ورلڈ گالف چمپئن شپ کے مقامات کی تبدیلی کے حوالے سے ابھی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ البتہ میڈیا رپورٹس کے مطابق میگاایونٹ کا انعقاد میکسیکو سٹی میں کیا جائے گا۔ فنچیم نے کہا کہ انتظامیہ ٹورنمنٹ کا مقام تبدیل کرنے کے بارے میں تصدیق کرچکی ہے۔ واضح رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابی مہم کے دوران امریکہ کے پڑوسی ملک میکسیکو کی سرحد کے قریب دیوار بنانے کا بیان دیا تھا۔ ٹرمپ کے اس بیان پر کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو عیسائیت سے خارج قرار کردیا تھا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی امریکہ کے صدارتی امیدوار ٹرمپ اپنا ووٹ بینک بڑھانے کیلئے مسلمانوں کے خلاف متنازعہ بیانات دے چکے ہیں، انہوں نے امریکہ کے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد امریکہ میں تمام مساجد بند کرنے کے احکامات جاری کردیں گے۔