گاؤ رکشکوں کا نشانہ بننے والے قاسم کے بھائی کو کچلنے کی کوشش

قاسم کے بھائی ایک سکیورٹی اہل کا کے ساتھ جارہے تھے‘ قومی شاہراہ 24پر ایک گاڑی نے انہیں کچلنے کی کوشش کی‘ پولیس میں شکایت درج
غازی آباد۔ غازی آباد کے مسوری علاقے میں جمعہ کی شام ہاپوڑ میں گاؤ رکشوں کے تشدد کے نتیجے میں فوت ہونے والے قاسم کے بھائی او ران کے سکیورٹی اہلکار کو گاڑ ی سے کچلنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اس واقعہ میں سکیورٹی گارڈ اور مقتول قاسم کے بھائی بال بال بچ گئے۔

اس سلسلے میں مسوری تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا ہے۔

ایس ایس پی ویبھو کرشن کے مطابق مقدمہ درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے ‘ جلد ہی ملزمین کی گرفتاری کرلی جائے گی۔ قاسم کے بھائی نے پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے گن مین کے ساتھ غازی آباد کے مسوری سے ہوتے ہوئے ہاپوڑ جارہے تھے‘ اسی دوران نیشنل ہائی وے 24پر ایک گاڑی نے انہیں اور ان کے سکیورٹی اہلکار کو کچلنے کی کوشش کی ۔

قابل ذکر ہے کہ اس سال جون میں ہاپوڑ سے گاؤ رکشکوں کے ہاتھوں تشدد کی دل دہلادینے والی خبر سامنے ائی تھی‘ جس کا ایک ویڈیو بھی وائیرل ہوا تھا۔

ویڈیو میں صاف طور پر دیکھا گیا تھا کہ گاؤ رکشوں نے گاؤ کشی کے الزام میں قاسم کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی موت ہوگئی اور اس کو بچانے کے لئے ائے ایک دیگر مسلم شخص کو بھی نشانہ بنایاگیاتھا جس کو بعد میں شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کیاگیا۔