گئو کشی کروگے تو مار دئے جاؤ گے

راجستھان کے بی جے پی رکن اسمبلی گیان دیو اہوجہ کا انتباہ
جئے پور 25 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے بی جے پی رکن اسمبلی گیان دیو اہوجہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی بھی گائے کی اسمگلنگ یا ذبیحہ میں ملوث رہتا ہے تو اسے ہلاک کردیا جائیگا ۔ اہوجہ نے ہفتہ کو الوار ضلع میں گائے کی اسمگلنگ کے ایک مبینہ واقعہ کے تناطر میں یہ انتباہ دیا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میرا تو سیدھا سیدھا کہنا ہے کہ گئو اسمگلنگ کروگے یا گئو کشی کروگے تو یوں ہی مار دئے جاؤ گے ‘‘ ۔ اہوجہ اسی طرح کے متنازعہ اور اشتعال انگیز بیانات دیتے رہتے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے ادعا کیا تھا کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی سیکس اور ڈرگس کا مرکز ہے جہاں یومیہ 3,000 کنڈومس استعمال کئے جاتے ہیںاور 2,000 بوتل شراب پی جاتی ہے ۔ ہفتہ کو ایک مبینہ گئو اسمگلر کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔ جس شخص کو گرفتار کیا گیا تھا اسے ہجوم نے پیٹا بھی تھا ۔ تاہم اہوجہ نے ادعا کیا کہ یہ شخص اس وقت زخمی ہوا تھا جب جس گاڑی میں وہ گائے کو اسمگل کر رہا تھا وہ الٹ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ تین افراد گائے اسمگل کر رہے تھے ۔ جب پولیس نے ان کا تعاقب کیا تو وہ فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے اور گاڑی الٹ گئی جس کی وجہ سے ایک شخص زخمی ہوگئے ۔ دوسرے دو فرار ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ گئو اسمگلنگ اور گئو کشی پر عوام میںناراضگی ہے ۔