ک2017 کے بولروں میں حسن اور بمرانمایاں

دبئی۔2 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) حسن علی نے زیرو سے ہیرو بننے کا سفر برق رفتاری سے طے کیا جب کہ 2017 کے دوران ونڈے بولرروں کے درجہ بندی میں 75 ویں مقام سے ترقی کرتے ہوئے وہ پہلے مقام پر پہنچے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے 2017 کی درجہ بندی میں تیزی سے ترقی پانے والے کھلاڑیوں کی تفصیل جاری کی گئی اور اس میں پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نمایاں ہیں۔ انھوں نے ونڈے کرکٹ میں زیرو سے ہیرو بننے کا سفر برق رفتاری سے طے کیا جس کے نمایاں اثرات عالمی درجہ بندی میں بھی دیکھنے کو ملے۔ 2017 میں حسن نے 45 ونڈے وکٹیں حاصل کیں، جب سال کا آغاز ہوا تو اس وقت ان کا نمبر 75 تھا لیکن اختتام انہوں نے پہلے مقام کے ساتھ کیا۔50 اوورز کی بولروں کی درجہ بندی میں ہندوستان کے جسپریت بمرا نے سال بھر میں 48 درجے ترقی پاکر تیسرا مقام حاصل کیا ۔افریقی اسپنر عمران طاہر دوسرے مقام پر ہیں جبکہ افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان کو 38 درجے کی مرحلہ وار بہتری نے آٹھویں نمبر پر لاکھڑا کیا۔آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے دوسرے سال کا اختتام بھی ٹسٹ درجہ بندی میں نمبر ایک پر کیا، اس وقت ان کے عالمی درجہ کے نشانات 947 جبکہ ویرات کوہلی 54 نشانات کے فرق سے دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ہندوستانی کپتان کو ونڈے بیٹسمین میں پہلا مقام حاصل ہے تاہم جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز صرف 4 نشانات کی کمی سے دوسرے نمبر پر ہیں۔گزشتہ برس ٹسٹ میں پہلے مقام پر اسمتھ کا قبضہ رہا تاہم ونڈے میں پہلے مقام پر اکھاڑ پچھاڑ ہوتی رہی، مجموعی طور پر 12 تبدیلیاں ہوئیں، اس دوران کوہلی، ڈی ویلیئرز اور ڈیوڈ وارنر پہلا مقام حاصل کرتے رہے۔ کوہلی نے پہلے مقام پر سب سے زیادہ 190 دن گزارے۔ 2017 کا زیادہ تر عرصہ کوہلی ٹوئنٹی 20 میں پہلے مقام پر رہے لیکن شادی کی وجہ سے سری لنکا سے سال کے آخر میں تین میچز نہ کھیلنے کی وجہ سے انھیں ایرون فنچ کے ہاتھوں اپنا مقام گنوانا پڑا۔