شمس آباد ۔ /9 اکٹوبر (سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد میں ڈی آر آئی عہدیداروں نے تین افراد کو گرفتار کرتے ہوئے بھاری مقدار میں سونا اور انڈین کرنسی کو ضبط کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب آج صبح ایرانڈیا فلائیٹ جو دوبئی سے شمس آباد ایرپورٹ پہنچی جہاں ایک ملازم پر ڈی آر آئی عہدیداروں نے شک کی بناء اس پر نگاہ رکھی ۔ ایرپورٹ کے ٹرمینل بلڈنگ کے باہر آکر وہ دو افر اد کو ایک پارسل حوالہ کررہا تھا کہ عہدیداروں نے گرفتار کرکے پارسل کھولا تو اس میں 4.194 کیلو سونے کے بسکٹ جس کی مالیت ایک کروڑ 34 لاکھ روپئے بتائی گئی اور اس کے ساتھ 3.6 لاکھ انڈین کرنسی بھی موجود تھی ۔ تینوں کو گرفتار کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا اور سونے اور کرنسی کو ضبط کرلیا گیا ۔ سونے کی اسمگلنگ میں ایرپورٹ کے ملازمتوں کو گرفتار کیا گیا تھا اور سونے کی اسمگلنگ کو روکنے کی تمام کوششیں کی جارہی ہیں اس کے باوجود ناکامی ہی ہورہی ہے ۔ ایرپورٹ پر سخت چیکنگ کے باوجود سونے کی اسمگلنگ کو کامیاب بنانے کیلئے اسمگلرس ملازمین کو اپنے ساتھ ملاکر کامیاب ہور ہے ہیں ۔جس کو ڈی آر آئی عہدیدار ناکام بنارہے ہیں لیکن اسمگلرس پر اس کا کوئی اثر نہیں ہورہا ہے ۔ ہر چند دنوں میں سونے کی اسمگلنگ کو انجام دیا جارہا ہے ۔