کے کے آر کا آج کنگس الیون پنجاب کے خلاف سخت امتحان متوقع

کٹک۔10مئی( سیاست ڈاٹ کام ) گذشتہ چند مقابلوں سے بہتر مظاہرہ کررہی کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو کل یہاں کھیلے جانے والے آئی پی ایل کے اپنے آئندہ مقابلے میں غیر معمولی شاندار مظاہرے کررہی کنگس الیون پنجاب کیسخت چیلنج کا سامنا رہے گا ۔ آخری مرتبہ یہ دو ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوئی تھی تب ایک کم اسکور کے مقابلے میں کنگس الیون پنجاب نے کامیابی حاصل کی تھی اور اب ٹورنمنٹ کے ہندوستان منتقل ہونے کے بعد پنجاب کے مظاہرے مزید بہتر ہوچکے ہیں ۔ بارہ بتی اسٹیڈیم میں کل ہونے والے مقابلے میں پنجاب کے بیٹسمینوںخصوصاً گلین میکس ویل اور ڈیویڈ ملر کے خلاف کے کے آر کے بولروں کا ایک سخت امتحان متوقع ہے کیونکہ مذکورہ کھلاڑی اور خصوصاً میکس ویل برقی رفتار بیٹنگکے ذریعہ نہ صرف اپنی ٹیم کی فتوحات میں کلیدی رول ادا کررہے ہیں

بلکہ وہ بیٹسمینوںکے فہرست میں سب سے زیادہ رنز بناکر پہلے مقام پر فائز ہیں ۔ کاغذ پر دونوں ٹیموں کے موقف کو دیکھ کر پنجاب کو سبقت کا حق دار کہا جاسکتا ہے کیونکہ میکس ویل اور ملر جہاں حریف بولروں کو کافی پریشان کررہے ہیں تو دوسری جانب سینئر بیٹسمین ویریندر سہواگ بھی آہستہ آہستہ اپنا کھویا ہوا فام حاصل کررہے ہیں کیونکہ وہ کئی مرتبہ 30رنز کی اننگز کے دوران چند بہترین اسٹروکس بھی کھیل چکے ہیں اور کسی بھی مقابلے میں ان سے ایک بڑی اننگز کی امید بے فیض نہیں ہے ۔ پنجاب کیلئے جہاں طاقتور بیٹنگ شعبہ اس کی اصل طاقت ہے وہیں کے کے آر نے گذشتہ مقابلے میں دہلی ڈیر ڈیولس کی شکست دی ہے اور اس کامیابی سے کے کے آر کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔

گوتم گمبھیر کی زیرقیادت ٹیم کے کے آر کیلئے کپتان گوتم کے علاوہ ان کے ساتھی اوپنر رابن اتھپا کی گذشتہ دو مقابلوںمیں نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے فام میں آنا خوش آئند ہے ۔ دہلی کے خلاف رابن کے علاوہ منیش پانڈے نے بھی ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی ہے اور کے کے آر ٹیم کا انتظامیہ اپنے ان کھلاڑیوں سے ایک اور ایسی ہی اننگز کی امید کررہا ہے ۔ بولنگ شعبہ میں کے کے آر کے بولروں نے گذشتہ مقابلے میں پنجاب کو قابل تعاقب اسکور تک محدود رکھا تھا اور اس مظاہرہ سے کے کے آر کے بولروں کے حوصلے بلند ہوں گے اور خصوصاً پنجاب کے جارحانہ اور فام میں موجود بولروں کے خلاف جادوئی اسپنر سنیل نارائن پھر ایک مرتبہ اہم بولر ہوں گے ۔ پنجاب کی کامیابیوں میں بیٹسمینوں کا کلیدی کردار رہا ہے

جو کہ شاندار مظاہروں کے ذریعہ اپنے بولروں پر بننے والے دباؤ کو ختم کررہے ہیں چونکہ جب کبھی پنجاب کو پہلے بیٹنگ کا موقع مل رہا ہے وہ ہمالیائی اسکور کھڑا کرتے ہوئے بولروں کو کُھل کر بولنگ کرنے کا موقع فراہم کررہے ہیںاور جب کبھی ہمالیائی اسکور کے تعاقب کی ضرورت پڑی ہے بیٹسمینوں نے بہ آسانی 200رنز کا بھی کامیاب تعاقب کیا ہے ۔ سندیپ شرما کا فام میں ہونا اور مظاہروں میں استقلال کا ثبوت دینا پنجاب کیلئے خوش آئند ہے کیونکہ اس بولر نے 6 مقابلوں میں 13وکٹیں حاصل کرتے ہوئے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں تیسرے مقام پر فائز ہے ۔ علاوہ ازیں سست آغاز کے باوجود آسٹریلیائی فاسٹ بولر میچل جانسن بھی اپنے فام میں واپسی کرچکے ہیں ۔