کے چندر شیکھر راؤ اور چندرا بابو نائیڈو کا آج آمنا سامنا ممکن

صدر جمہوریہ کو گورنر کا عشائیہ ‘ تلنگانہ و اے پی کے چیف منسٹرس مدعو
حیدرآباد۔29جون ( سیاست نیوز ) تلنگانہ اور آندھراپردیش کے چیف منسٹرس چندر شیکھر راؤ اور چندرا بابو نائیڈو کا ایک ماہ کی کشیدگی کے بعد 30جون کو ایک دوسرے سے آمنا سامنا ہوسکتا ہے ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی 10دن کے دورہ پر آج حیدرآباد پہنچے ہیں ۔ گورنر نرسمہن نے 30جون کو راج بھون میں صدر جمہوریہ کیلئے ڈنر کا اہتمام کیا ہے جس میں انہوں نے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ دونوں ریاستوں کے وزراء کو مدعو کیاہے ۔ نوٹ برائے ووٹ اسکام ‘ ٹیلیفون ٹیاپنگ اور سیکشن 8کے مسئلہ پر دونوں ریاستوں میں سیاسی طوفان ہے اور دونوں چیف منسٹرس ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہیں ۔ نوٹ برائے ووٹ معاملے میں تلنگانہ اے سی بی چیف منسٹر آندھراپردیش کو نوٹس جاری کرنے کا جائزہ لے رہی ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو کے ٹیلیفون آواز کی ایف ایس ایل میں جانچ بھی کرائی گئی ہے ۔ دوسری جانب آندھراپردیش کے مختلف مقامات پر چیف منسٹر تلنگانہ کے خلاف 88مقدمات درج کئے گئے ہیں اور اس کی جانچ کیلئے حکومت آندھراپردیش نے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے ۔ ان دونوں معاملت کے درمیان دونوں ریاستوں کے وزرا نے ایک دوسرے پر تنقید کی ہے ۔ آندھراپردیش کے وزراء نے گورنر کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سیکشن 8پر عمل آوری کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالا ہے ۔ گورنر نے سیکشن 8پر عمل آوری کیلئے اٹارنی جنرل سے رائے بھی طلب کی ہے ۔ ایک ماہ سے دونوں ریاستوں کے درمیان گرما گرم سیاست چل رہی ہے ۔ ایسے میں کیا دونوں چیف منسٹرس گورنر کی جانب سے صدر جمہوریہ کے اعزاز میں دیئے جانے والی ڈنر پارٹی میں شرکت کریں گے ‘ اگر شرکت بھی کریں تو کیا دونوں ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں گے ؟ یا ڈنر میں شرکت کرنے کے باوجود دونوں ایک دوسرے کو نظرانداز کریں گے ۔ یہ ایسے سوالات ہے جس کا 30جون کو ہی جواب مل سکتا ہے ۔