لنگانہ پیٹ ہیلت پرائمری سنٹر کو شروع کرنے کا مطالبہ، کانگریسیوں کا دھرنا
گمبھی راؤ پیٹ۔/24 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریسیوں نے علاقہ سے نمائندگی کرنے والے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کا علامتی پتلہ نذر آتش کرتے ہوئے گمبھی راؤپیٹ کے موضع لنگانہ پیٹ میں نو تعمیر شدہ ہیلت پرائمری سنٹر کا آغاز کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ کانگریس قائدین و کارکن جن کی قیادت صدر منڈل کانگریس یگادنڈی سوامی کررہے تھے مخالف حکومت نعرہ بازی کرتے ہوئے لنگا نہ پیٹ میں راستہ روکو احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس کی وجہ کچھ دیر کیلئے سدی پیٹ تا کاماریڈی جانے والی اس سڑک پر آمدورفت کا نظام معطل رہا۔ بعد ازاں سوامی نے اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے مقامی قائدین کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ سابق کی کانگریس حکومت نے لنگانہ پیٹ کی غریب عوام کو بہتر علاج کی فراہمی کی غرض سے لاکھوں روپیہ خرچ کرتے ہوئے ہیلت پرائمری سنٹر کی عمارت جو کہ تمام سہولیات سے آراستہ تعمیر کروائی تھی اب جبکہ ٹی آر ایس حکومت برسراقتدار آکرکافی عرصہ گذر چکا ہے لیکن کانگریس کے دور حکومت میں منظور ہ اور تعمیر کردہ اس ہیلت سنٹر کا آغاز کرنے میں کوتاہی برت رہی ہے۔ کانگریس نے عوام کو بالخصوص مریضوں کو ہورہی دشواریوں کا ذکر کرتے ہوئے فوراً یہاں کے ہیلت پرائمری سنٹر کو شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر کانگریسیوں نے ٹی آر ایس کے قائدین کی اس معاملہ میں خاموشی پر اظہار تعجب کیا اور غریبوں کی خاطر تعمیر کردہ اس ہیلت سنٹر کو شروع کروانے میں پہل کرنے کی خواہش کی۔