کے ٹی آر کی زبان بے لگام: کانگریس

سونیاگاندھی اور راہول گاندھی پر تنقید کے خلاف ریمارک

میدک ۔ 19 ؍ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اقتدار کے نشہ نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر کے تارک راماراؤ کی زبان بے لگام ہوگئی ہے ۔ انہیں چاہئے کہ اپنی زبان کو قابو میں رکھیں ۔ اس طرح مسٹر تارک راما راؤ کو چاہئے کہ آنکھوں کی روشنی پروگرام سے مستفید ہوتے ہوئے اپنی آنکھوں کا بھی ٹسٹ کروائیں اور عینک لگائیں ۔ میدک میں دفتر کانگریس پر مقامی قائدین مسرز کے سریندرگوڑ ‘ محمد حفیظ الدین اور ایم موہن گوڑ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ وہ کے ٹی آر کی جانب سے صدر آل انڈیا کانگریس مسٹر راہول گاندھی اور سونیاگاندھی پر کئے گئے ریمارکس پر اپنا ردعمل کا اظہار کررہے تھے ۔ ان قائدین نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں راہول گاندھی کے دورہ کے بعد کانگریس پارٹی کو زبردست تقویت حاصل ہوئی ۔ اسطرح کانگریس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور راہول گاندھی کی شہرت سے کے ٹی آر خوفزدہ ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس میں کو 2019 میں یقینی طور پر اقتدار حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے ریاست میں منعقد ہوئے دورے بے حد کامیاب رہے اور ریاست کی عوام بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے ثابت کر دیا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی نیا ڈوبنے والی ہے ۔ اس موقع پر کانگریس قائد اشوک ریڈی بھی موجود تھے ۔