کے سی آر کے حلقہ گجویل میں ہریش رائو کی انتخابی مہم

ایک لاکھ ووٹوں سے کامیاب بنانے رائے دہندوں سے اپیل
حیدرآباد۔9 نومبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش رائو نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں گجویل سے کے سی آر کا ایک لاکھ سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ ہریش رائو نے گجویل اسمبلی حلقے کے توپران اور دیگر علاقوں میں پارٹی کے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کی ترقی کے لیے کے سی آر کے اقدامات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ عوام نے اپوزیشن کے پروپگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی کامیابی کا فیصلہ کیا ہے۔ ہریش رائو نے کہا کہ توپران کو میونسپلٹی کا درجہ دینے کا سہرا کے سی آر کے سر جاتا ہے۔ رنگ روڈ کی تعمیر سے علاقے کی تیز رفتار ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے توپران میں روڈ شو میں حصہ لیا اور رائے دہندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نے 6 ہزار کروڑ روپئے گجویل کی ترقی پر خرچ کیے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فلاحی اسکیمات کے فوائد کا جائزہ لیتے ہوئے ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں۔ کے سی آر نے غریبوں کے لیے کنٹی ویلوگو اسکیم کے ذریعہ آنکھوں کے علاج کی اسکیم شروع کی ہے۔ اس اسکیم کے تحت ہر گھر میں آنکھوں کی بیماریوں کا پتہ چلانے کی کوشش کی گئی۔ غریبوں کا علاج اور آپریشن مفت کیا گیا۔ ہریش رائو نے مہا کوٹمی لاکھ سازش کرلے ریاست میں ٹی آر ایس کا دوبارہ اقتدار یقینی ہے۔ آبپاشی پراجیکٹس کی تعمیر کے ذریعہ فصلوں کو پانی سیراب کیا گیا۔ اس کے علاوہ مشن بھگیرتا کے تحت گھر گھر پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ ہریش رائو نے مہاکوٹمی پر تنقید کی اور کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے آپس میں جھگڑ رہے ہیں۔ ٹکٹوں کے لیے دلی اور امراوتی کا دورہ کررہے ہیں جبکہ ٹی آر ایس قائدین عوام کے درمیان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالف تلنگانہ چندرا بابو نائیڈو سے کانگریس کا اتحاد افسوسناک ہے۔ نائیڈو نے تلنگانہ کو ناکام ریاست بنانے کے لیے ہر ممکن سازش کی ہے۔