کے سی آر نے تلنگانہ کی عزت کو مودی کے پاس رہن رکھ دیا

ٹی آر ایس کو عوام ضرور شکست دیں گے، ریاستی صدر تلگودیشم ایل رمنا کا بیان

حیدرآباد 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی ایل رمنا نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو ہدف ملامت بنایا اور کہاکہ صدر ٹی آر ایس و نگرانکار چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے تلنگانہ کی عزت نفس کو وزیراعظم مودی کے پاس رہن رکھ دیا ہے اور کانگریس قائدین پر چندرابابو نائیڈو کے ہاں تلنگانہ کی عزت نفس رہن رکھ دینے سے متعلق کے سی آر کے ریمارکس کی سخت مذمت کی۔ انھوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دریافت کیاکہ کنٹی ویلگو اسکیم کی کامیابی کا ادعا کرنے والے نگرانکار چیف منسٹر کیلئے آیا کام نہیں آئی؟ جبکہ شہر حیدرآباد میں ہی کئی ممتاز ماہرین امراض چشم کی موجودگی کے باوجود دہلی میں اپنی آنکھوں کا علاج کروانے کی ضرورت کے سی آر کو کیوں محسوس ہوئی۔ انھوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ آنھوں کے معائنہ کے بہانے دہلی کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعظم مودی کے اہم قاصدوں سے خفیہ بات چیت کرکے چندرشیکھر راؤ حیدرآباد واپس ہوئے۔ انھوں نے ان کے دورہ دہلی پر ہریش راؤ، کے ٹی آر اور کویتا کی جانب سے غلط تشہیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے کہاکہ ٹی آر ایس امیدواروں کے لئے پرگتی بھون سے رقومات روانہ کرنے کا مرکز بنایا گیا۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کے لئے خواہ کے سی آر کتنی ہی کوشش کریں تلنگانہ عوام ٹی آر ایس کو شکست دیتے ہوئے سبق سکھانے کا تہیہ کرچکے ہیں۔