محبوب نگر میں سابق مرکزی وزیر جے پال ریڈی کا خطاب
محبوب نگر /14 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے چار کروڑ عوام کے دیرینہ خواب کو پورا کرنے کے لئے پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی سخت ترین مخالفت کے باوجود یو پی اے کے چیر پرسن نے تلنگانہ بل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا اور علحدہ تلنگانہ کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے ان کے سنجیدہ اقدامات کے باوجود تلنگانہ میں کانگریس کی شکست افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار محبوب نگر منڈل کے موضع ماچن پلی میں کانگریس کی رکنیت سازی مہم میں حصہ لیتے ہوئے سابق مرکزی وزیر جے پال ریڈی نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے اقتدار تک پہنچنے کے لئے جو وعدے کئے ہیں، ملک کی کسی بھی سیاسی جماعت نے ایسے وعدے نہیں کئے۔ وعدوں کے بعد ان کو پورا کرنا بھی اسی جماعت کا کام ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے سی آر باتیں کرتے ہیں، لیکن انھوں نے جو وعدے کئے ہیں وہ ناقابل عمل ہیں۔ وہ صرف عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر ضلع کانگریس عبید اللہ کوتوال کے ہاتھوں انھوں نے کانگریس کی رکنیت سازی کا فارم حاصل کیا۔