فرقہ پرست صدارتی امیدوار کی تائید مضحکہ خیز: ظہیر اختر
محبوب نگر۔/28جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، فرقہ پرست ہیں یا سیکولر اس کی وضاحت کرنے کا مطالبہ کانگریس ضلع مائناریٹی سیل کے صدر ظہیر اختر نے ضلع کانگریس کے دفتر میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ کے انتخابات میں این ڈی اے کے امیدوار کی تائید کا جو اعلان کے سی آر نے کیا ہے اس سے ریاست کی اقلیتوں کو دلی صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے قائد کو سبق سکھانے کیلئے اجتماعی طور پر مستعفی ہوجائیں ۔انہوں نے بتایا کہ این ڈی اے کے صدر جمہوریہ کے امیدوار رام ناتھ گوئند بی جے پی کے ترجمان کی حیثیت سے اقلیتوںکے خلاف زہر اگلتے رہے ہیں۔ ایسے شخص کو امیدوار بنانا انتہائی گھناونا فیصلہ ہے۔ ریاست میں 12فیصد تحفظات کا بل پاس کرکے مرکز کو روانہ کرنے کے بعد اس کو منظور کروانے کیلئے بی جے پی سے ٹکر لینے کا اعلان کرنے والے کے سی آر آج خود ان کی گود میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ یو پی اے کے دور اقتدار میں تلنگانہ کے قیام کیلئے سونیا گاندھی نے زبردست مطالبہ اور جدوجہد کرنے والی اسپیکر میرا کمار کو بھی کے سی آر فراموش کررہے ہیں۔ اگر کے سی آر اقلیتوں کے سچے ہمدرد ہیں اور سیکولر ہیں تو این ڈی اے امیدوار کی تائید سے دستبرداری کا اعلان کریں اور کانگریس امیدوار کی تائید کریں۔