کے سی آر کی کولکتہ میں آج ممتا بنرجی سے ملاقات

غیربی جے پی ، غیرکانگریس محاذ کی تشکیل پر بات چیت متوقع
حیدرآباد۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) 2019ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل قومی سطح پر غیربی جے پی اور غیرکانگریس محاذ تشکیل دینے کی کوششوں کے پہلے قدم کے طور پر ٹی آر ایس کے صدر اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ترنمول کانگریس کی صدر اور مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی سے ملاقات کے لئے کل پیر کو کولکتہ روانہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ کے سی آر نے گزشتہ ہفتہ قومی محاذ کی تشکیل کا ارادہ ظاہر کیا تھا اور سب سے پہلے ممتا بنرجی اور چند دیگر قائدین نے اس کا خیرمقدم کیا تھا۔چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ 19 مارچ کی صبح اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے اور توقع ہے کہ 12 بجے دن بیگم پیٹ ایرپورٹ سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ کولکتہ روانہ ہوں گے۔ دوپہر 2 بجے کولکتہ کے سبھاش چندرابوس ایرپورٹ پہونچیں گے۔ ہوٹل تاج بنگال میں قیام اور کچھ دیر آرام کریں گے ۔ بعدازاں 3:15 بجے سیکریٹریٹ پہنچ کر ممتا بنرجی سے ملاقات کریں گے۔ سمجھا جاتا ہے کہ یہ ملاقات تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہے گی جس میں مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کے بعد چند اہم فیصلے کئے جانے کی بھی توقع ہے۔ سیکریٹریٹ سے واپسی کے دوران کے سی آر کالی ماتا مندر کے درشن کریں گے اور وہاں سے سبھاش چندرا بوس ایرپورٹ پہنچ کر اپنے خصوصی طیارہ کے ذریعہ رات حیدرآباد واپس پہونچیں گے۔اس دورہ میں چیف منسٹر کے ہمراہ ٹی آر ایس کے سینئررکن راجیہ سبھا کے کیشورراو ‘ نظام آباد کی رکن پارلیمنٹ کے کویتا ‘ اور چند دیگر اہم قائدین بھی شامل ہیں ۔ توقع ہے کہ کے سی آر کولکتہ میں ممتا بنرجی سے ملاقات و بات چیت کے بعد مستقبل کی حکمت عملی کو قطعیت دینے سے قبل تاملناڈو‘ کرناٹک ‘ مہاراشٹرا اور چند دیگر ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے علاقائی جماعتوں کے قائدین سے بی جے پی اور کانگریس کا قومی متبادل دینے کے موضوع تبادلہ خیال کریں گے ۔