کے سی آر کو ہلاک کرنے کی دھمکی ،کورٹلہ رکن اسمبلی کو فون کال موصول

کریم نگر۔/24فبروری، ( پی ٹی آئی) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کوہلاک کردینے کا دھمکی آمیز فون کال موصول ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ چیف منسٹر کے دورہ کریم نگر سے ایک دن قبل کورٹلہ رکن اسمبلی کے ودیا ساگر راؤ کو نامعلوم شخص نے موبائیل پر دھمکی دی کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو یہاں آنے پر ہلاک کردیا جائے گا۔ ودیا ساگر راؤ نے کل 6بجے شام یہ فون کال وصول کیا جو کسی نامعلوم شخص کی طرف سے تھا۔ اس نے فون کال کیلئے انٹرنیٹ استعمال کیا اور دھمکی دی کہ چیف منسٹر چہارشنبہ کو مٹ پلی، کریم نگر کا جس وقت دورہ کریں گے تب انہیں ہلاک کردیا جائیگا۔ رکن اسمبلی نے اپنا موبائیل فون مٹ پلی سب انسپکٹر بابو راؤ کے حوالے کردیا جس کے بعد دوبارہ دھمکی آمیز فون موصول ہوا۔ پولیس نے چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر سیکورٹی سخت کردی تھی۔ ابھی تک فون کرنے والے کا پتہ نہیں چل سکا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔