کے سی آر کو آر ایس ایس ایجنٹ قرار دینے والی قیادت خود کے سی آر کی ایجنٹ بن گئی

غریب مسلمانوں کو نظر انداز کرکے قائدین نے ہزاروں کروڑ روپئے جمع کرلئے : مجید اللہ خاں فرحت کا خطاب

حیدرآباد 18 نومبر ( سیاست نیوز ) صدر مجلس بچاؤ تحریک جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہا کہ مجلس آج اپنے مقصد سے اور بنیاد سے ہٹ گئی ہے اور یہ صرف سرمایہ داروں ‘ اقتدار پرستوں ‘ سود خوروں اور غنڈہ عناصر کی جماعت بن گئی ہے اور اس میں صرف ان لوگوں کو موقع دیا جا رہا ہے جو عوام کی خدمت کرنے کی بجائے عوام کو لوٹنے کے مقصد سے انتخاب لڑتے ہیں۔ مجید اللہ خاں فرحت حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ بھوانی نگر میں طلحہ روڈ پر ایک زبردست جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ عوام کی کثیر تعداد نے جلسہ میں شرکت کی ۔ مجید اللہ خاں فرحت نے آج دن میں قبل ازیں اطراف کے سارے علاقوں کا پیدل دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور ان سے آئندہ انتخابات میں مجلس بچاؤ تحریک کے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ۔ پیدل دورہ کے موقع پر عوام نے مجید اللہ خاں فرحت کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کو اپنی تائید و حمایت کا تیقن دیا ۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ آج عوام کی ذمہ داری ہے کہ تبدیلی کی ضرورت کو سمجھیں۔ سیاسی اور سماجی سطح پر تبدیلی لائیں تاکہ مظلوم ملت اسلامیہ کی حالت زار کو بہتر بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس کی قیادت اپنے بنیادی مقاصد سے ہٹ گئی ہے اور آج جن مظلوم مسلمانوں کیلئے مجلس کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔

وہ مسلمان آج بھی ٹھیلہ بنڈی ڈھکیلنے اور آٹو چلانے پر مجبور ہے وہ کرایہ کے گھروں میں رہنے پر مجبور ہے سود خوروں کے مظالم کا شکار ہے تو دوسری جانب ان مظلوم اور بے سہارا مسلمانوں کی قیادت کرنے والے ہزاروں کروڑ روپئے کے مالک بن گئے ہیں۔ صدر مجلس بچاؤ تحریک نے الزام عائد کیا کہ مجلس کی قیادت نے ہر حکومت وقت کے ساتھ سودے بازی کی اور یہ سودے بازی صرف اپنے ذاتی مفادات کیلئے کی گئی اور مسلمانوں کو اور مسلمانوں کے مسائل کو نظر انداز کردیا بلکہ ان کا سودا کیا اور ان کو بنیادی حقوق سے بھی محروم کردیا گیا ۔ جب ریاست میں کانگریس کی حکومت تھی مجلسی قیادت کانگریس کی چھٹی انگلی بنی رہی جب تلگودیشم اقتدار پر آئی ہے تو اس سے سودے بازی کی گئی اور حد تو یہ ہوگئی کہ ایک موقع پر کے سی آر کو آر ایس ایس کا ایجنٹ قرار دینے کے بعد کے سی آر کو حکومت ملتے ہی ان سے دوستی کرلی گئی ۔ مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ یاقوت پورہ کے 25 سال رکن اسمبلی رہنے والے لیڈر نے سینکڑوں کروڑ کی دولت جمع کرلی اور غریب عوام کو مزید غربت کا شکار کردیا ۔ سارے پرانے شہر میں سود خوروں کا راج ہے اور ان سود خوروں کو قیادت کی تائید حاصل ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں اور کسی طرح کی جذباتیت کا شکار ہونے کی بجائے حالات کا جائزہ لیں اور ایسے امیدواروں کو منتخب کرکے ایوان اسمبلی روانہ کریں جو واقعی ان کی ہمدردی کا جذبہ رکھتے ہیں اور ان کے حالات کو سدھارنے کے مقصد سے آگے آرہے ہیں۔ مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ وہ لاکھوں کروڑ روپئے کی اوقافی جائیدادوں کی بازیابی کیلئے جدوجہد کرینگے تاکہ مسلمانوں کو ان کے اثاثہ جات واپس مل سکیں اور ان کی معاشی و تعلیمی و سماجی حالت کو سدھارا جاسکے ۔ قیادت نے ان جائیدادوں کی سودے بازی کرتے ہوئے اپنے خزانے بھر لئے اپنے بچوں کیلئے محل تعمیر کرلئے اور غریب مسلمانوں کو نظر انداز کردیا۔