کے سی آر کا رویہ زمیندار’ نواب جیسا ‘

قبل از وقت اسمبلی کی تحلیل سے عوام کو دھوکہ : ایل رمنا
حیدرآباد ۔ 12 نومبر ( پی ٹی آئی ) تلگودیشم پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے زمیندار نواب جیسا رویہ اختیار کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی کی میعاد کے اختتام سے قبل تحلیل کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ تلگودیشم پارٹی کے صدر ایل رمنا نے الزام عائد کیا کہ ’’ کے سی آر نے اپنے غلط فیصلوں کے ذریعہ دولت سے مالا مال ریاست کو غریب بنادیا ہے ۔ وقت سے پہلے اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے آپ کو کس نے مجبور کیا تھا ۔ کیا یہ عوام کو دھوکہ دہی نہیں ہے ؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گذشتہ چار سال کے دوران فنڈس میں بڑے پیمانہ پر تغلب ہوا ہے اور دھمکی دی کہ کے سی آر کے غلط اقدامات کو وہ انتخابی پریس میں بے نقاب کریں گے ‘‘ ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’’ گذشتہ چار سال کے دوران آٹھ لاکھ کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ۔ یہ عوامی دولت ہے ۔ یہ رقم آپ کہاں خرچ کررہے ہیں ؟ ہم آپ کواس طرح نہیں چھوڑ دیں گے ‘‘ ۔