’’کے سی آر کا ذہنی توازن متاثر یا پھر ووٹنگ مشین سے چھیڑ چھاڑ‘‘

ٹی آر ایس کو 100نشستیں ملنے کے دعوے پرپونم پربھاکر کا ریمارک، کریم نگر میں پریس کانفرنس

کریم نگر۔/9 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع کریم نگر کے بشمول ساری ریاست تلنگانہ میں ہوئی رائے دہی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عوام میں حق رائے دہی کے استعمال کیلئے شعور بیدار ہوچکا ہے، اس لئے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ ہوا ہے۔ مہا کوٹمی عوامی محاذ میں شامل امیدواروں کی کامیابی حاصل ہوگی اور تلنگانہ میں کانگریس اقتدار پر آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ اسمبلی کریم نگر کے کانگریس امیدوار پونم پربھاکر نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس میں الکٹرانک اینڈ پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر طرف سے ملنے والی خبروں اور سروے کے مطابق تلنگانہ میں ٹی آر ایس ناکام ہوچکی ہے ۔ کے سی آر کا یہ دعویٰ کہ 100سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی ، یہ صرف دیوانے کی بڑ کے علاوہ کچھ نہیں ہے، ہاں ایک صفر نکال دیا جائے تو ٹھیک رہے گا۔ اس سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ کے سی آر کی عبرتناک شکست سے دماغ کا توازن بگڑ چکا ہے یا پھر الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں گڑبڑ کروانے کی پہلے ہی سے منصوبہ بندی کرلی گئی تھی تب ہی تواب بھی ایک سو نشستوں پر قبضہ کی بات دہرائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ محاذ محبوب نگر سے عادل آباد تک کامیاب ہے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کے سی آر، اسمبلی کی تحلیل کے اسباب کیا تھے ابھی تک بیان کرنے سے قاصر رہے۔ کانگریس کے چناؤ منشور کے اعلان پر انہوں نے مذاق اڑایا اور کہا تھا کہ اس کی عمل آوری کیلئے تلنگانہ کا بجٹ ہی نہیں بلکہ چار ریاستوں کا بجٹ لگے گا۔ جبکہ ہم نے جو منشور جاری کیا اسی میں معمولی تبدیلی کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے اپنے چناؤ منشور کی اجرائی عمل میں لائی ہے، انہوں نے سوال کیا کہ یہ پاگل پن نہیں تو اور کیا ہے؟ ۔ٹی آر ایس نے الزام عائد کیا تھاکہ عوامی محاذ کے ایک ایک ا میدوار کی گردن پر چار پانچ پارٹیوں کے کھنڈوے کا بوجھ لاد دیا گیا ہے جس پرپونم پربھاکر نے کہا کہ ہاں یہ بالکل ٹھیک ہے تمہاری طرح خفیہ معاملہ سے بی جے پی اور مجلس سے مفاہمت تو نہیں کی گئی ہے۔پونم پربھاکر نے کہا کہ مسلمانوں کی شریعت میں مداخلت پر خاموشی ، دلت کو چیف منسٹر بنانے کے وعدہ سے انحراف، 3 ایکڑ اراضی ، ڈبل بیڈ روم کے وعدوں سے انحراف ، بے روزگاروں کو ملازمت دینے کا وعدہ،ٹیچرس کے تقررات کے وعدے کئے گئے لیکن ٹی آر ایس نے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا تو پھر ٹی آر ایس کس طرح ووٹ ملنے کی امید کرسکتی ہے۔کریم نگر کارخانہ گڈہ میں ہوئے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ بڑے شرم کی بات ہے کہ پولیس لاٹھی چارج کو روکنے کے بجائے ایک ایم ایل اے خود ہی وہاں سے بھاگنے کے دوران گرپڑا ۔ کریم نگر میں گنگولا کملاکر کی ناقص کارکردگی اور غیر معیاری ترقیاتی کاموں کی انجام دہی پر میئر مجلس بلدیہ نے انٹلیجنس کو مکتوب روانہ کیا، اس سے بڑھ کر شرم کی با ت کیا ہے۔ اس موقع پر کانگریس قائدین آرے پلی موہن، جوجی ریڈی وغیرہ نے بھی کے سی آر پر سخت تنقید کی۔ عبدالصمد نواب، عبدالرحمن تاج، چیلمڈہ لکشمی نرسمہا راؤ وغیرہ اس پریس کانفرنس میں موجود تھے۔