کے سی آر کا تلنگانہ عوام کے ساتھ دھوکا

کریم نگر میں سابق وزیر تلگودیشم کرشنا یادو کی پریس کانفرنس

کریم نگر۔/29جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) طلبہ کی قربانیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ حاصل ہوا ہے۔ سابق وزیر تلگودیشم کرشنا یادو نے یہاں کریم نگر میں ٹی ڈی پی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آکر ایک سال کا عرصہ گذر چکا ہے لیکن خاطر خواہ ترقی نہیں ہوئی ہے جس سے غریب اور کمزور طبقات کو مایوسی ہوئی ہے ۔ حکومت پیشہ ور مزدوروں، محنت کش طبقات کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدا د باہمی سوسائٹیز اور بینکوں کی جانب سے بھی انہیں کوئی امداد نہیں مل رہی ہے۔ ریاست میں برقی کی قلت ہے، کسانوں کو کھاد نہیں مل رہی ہے ، ادویات کی کمی ہے اور تخم کی عدم سربراہی کے سبب کسان پریشان ہیں۔ انہوں نے خودکشی کرنے والے کسانوں کے ورثاء کو 10لاکھ ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کے لئے جان قربان کردینے والوں کے ارکان خاندان کو مراعات دینے کا وعدہ کیاتھا جبکہ 1200افراد نے اپنی جانیں قربان کیں جبکہ حکومت صرف 400 بتارہی ہے۔ حکومت نے ان کے ارکان خاندان کو اراضی ، ملازمت، ایک کروڑ روپئے امداد کا وعدہ کیا تھا تاہم تمام وعدے فراموش کردیئے گئے۔