کے سی آر پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام

بی جے پی کو ایک موقع دینے تلنگانہ کی عوام سے اپیل، کریم نگر میں جلسہ عام سے امیت شاہ کا خطاب

کریم نگر۔/10 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)2018 ڈسمبر میں تلنگانہ اسمبلی کے چناؤ ہوں گے ، اگر یہ چناؤ پارلیمٹ چناؤ کے ساتھ اپریل میں کروائے جاتے تو کروڑہا روپئے کا خرچ بچ گیا ہوتا۔ سینکڑوں کروڑہا روپئے کا خرچ غریبوں کی بھلائی کیلئے کام آتا۔ آخر کیا وجہ ہے کہ وقت سے قبل اسمبلی چناؤ کروائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے کریم نگر کے امبیڈکر اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیت شاہ کی 2 بجے دن آمد ہوگی اعلان کیا گیا تھا لیکن وہ 5 بجے کے قریب ذریعہ ہیلی کاپٹر یہاں پہنچے ۔ ان کے ساتھ ریاستی بی جے پی صدر ڈاکٹر لکشمن بھی تھے۔ امیت شاہ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے مودی جی کے ڈر سے انتخابات کروانے کا فیصلہ لیا ہے ، کے سی آر کی وعدہ فراموشی کی ایک بہت بڑی فہرست ہے جس میں انہوں نے سب سے پہلے ٹی آر ایس کو کامیابی پر دلت کو چیف منسٹر بنانے کی بات کہی تھی لیکن انہوں نے نہیں بنایا ۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ اتفاق سے پھر کامیاب ہوگئے تو بھی دلت کو نہیں بلکہ اپنے لڑکے یا لڑکی یا پھر بھانجے کو وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 7 لاکھ دلت میں سے کسی کو بھی کوئی جگہ نہیں دی گئی۔ ملازمتوں پر تقرر کا وعدہ کیا لیکن چپراسی سے لے کر اعلیٰ عہدوں تک ایک بھی ملازمت نہیں دی گئی، فی الحال 2 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ دو لاکھ مکانات کی تعمیر کا وعدہ کیا گیا لیکن 5 ہزار مکانات بھی تعمیر نہیں کئے گئے اس لئے کہ مرکزکی مودی حکومت نے جو فنڈ دیا تھا دوسرے کاموں میں خرچ کرلیا گیا۔ تلنگانہ کیلئے 200 افراد شہید ہوئے ، ان شہیدوں کے افراد خاندان کسمپرسی کی حالت میں ہیں ان کی کوئی مدد نہیں کی گئی۔ اسکولوں میں ایک بھی ٹیچر کا تقرر نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے آج طلباء ایک دوسرے کو پڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکز نے 99 ہزار کروڑ روپئے آبپاشی پراجکٹوں کیلئے فراہم کئے ہیں ایک بھی تالاب کی مکمل صفائی نہیں کی گئی۔ امیت شاہ نے کہا کہ ملک بھر میں جن چار ریاستوں میں کسان خودکشی کئے ہیں ان میں تلنگانہ میں سب سے زیادہ کسان خودکشی کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 4500 کسان فوت ہوئے ہیں۔ امیت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے کسانوں کی فصل خراب ہونے پر لاگت سے دیڑھ گنا زیادہ رقم کی مدد دی۔ انہوں نے کہاکہ چندر شیکھر راؤ نے دیڑھ سو وعدے کئے اور عوام کو دھوکہ دیا اور گمراہ کرکے اقتدار حاصل کرلیا تھا۔ امیت شاہ نے عوام سے کہا کہ بی جے پی کو ایک بار موقع دیں تاکہ ملک کا اور آپ کا بھلا ہوسکے۔امیت شاہ نے کہا کہ کے سی آر نے مجلس کے ڈر سے 17ستمبر کو آزاد تلنگانہ یوم کا انعقاد نہیں کیا ۔ بی جے پی ووٹ بینک کی سیاست نہیں کرتی ہے ، ملک میں بنگلہ دیشی اور روہنگیائی داخل ہورہے ہیں اور راہول بابا اینڈ کمپنی اور کے سی آر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد کہیں بھی کانگریس حکومت قائم نہیں ہوئی اور2019 کے بعددوربین لگاکر ڈھونڈھنے پر بھی کانگریس کا اتہ پتہ نہیں معلوم ہوسکے گا۔ چندرا بابو ، کے سی آر اور کانگریس کا متبادل صرف بی جے پی ہے۔