کے سی آر نے کانگریس کے انتخابی منشور کا سرقہ کرلیا : اتم کمار ریڈی

ٹی آر ایس سربراہ کے پاس کوئی نئی اسکیم نہیں۔ پارٹی کی شکست کا عملا اعتراف۔ صدر پردیش کانگریس کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/16 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راو پر کانگریس کا انتخابی منشور چوری کرنے الزام عائد کیااور کہا کہ 100 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کرنے والے کے سی آر نے رائے دہی سے 50 دن قبل اپنی شکست کو تسلیم کرلیا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں، قبائیلوں ، دلتوں ، بی سی طبقات، خواتین، بیروزگار نوجوانوں اور طلبہ سے معذرت کرنے کا کے سی آر سے مطالبہ کیا۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی اقلیتوں اور بی سی طبقات کیلئے علحدہ سب پلان کے علاوہ دوسرے کئی وعدے کئے۔ کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے ٹی آر ایس منشور جاری کرنے کے بعد رات میں اتم کمار ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کا انتخابی منشور سرقہ کرلینے کا کے سی آر پر الزام عائد کیا۔ اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت میں دغا بازی اور دھوکہ کے بعد عوام کو گمراہ کرنے کانگریس منشور کو چرالینے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی تحلیل سے قبل ہی کانگریس نے اپنا منی منشور جاری کردیا تھا جس میں بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3 ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ دینے کا اعلان کیا تھا جس کا کے سی آر اور ان کے فرزند کے ٹی آر نے مذاق اُڑایا تھا اور بغیر حساب کتاب اعلانات کرنے کے الزامات عائد کئے تھے تب انہوں نے ماہرین معاشیات سے مشاورت کے بعد 10 لاکھ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3 ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ آج کے سی آر نے کانگریس منشور کی نقل کرکے بیروزگار نوجوانوں کو ٹی آر ایس کے دوبارہ اقتدار میں آنے پر3016 روپئے بیروزگاری بھتہ کا اعلان کیا۔

کانگریس کے وعدے سے صرف 16 روپئے زیادہ کا وعدہ کیا گیا ۔ کانگریس نے آسرا پنشن کو دوگنا کردینے کا وعدہ کیا تھا وہی وعدہ کے سی نے آر نے کیا ہے۔ کانگریس نے کسانوں کے 12 لاکھ روپئے تک قرض یکمشت معاف کردینے کا اعلان کیا تھا جبکہ ٹی آر ایس نے ایک لاکھ روپئے تک قرض یکشمت معاف کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ٹی آر ایس نے 2014 میں کئے گئے وعدے کو 4 اقساط میں معاف کیا تھا۔ کانگریس نے آسرا پنشن کی حد عمر گھٹا کر 58 سال کرنے کا وعدہ کیا ۔ اس طرح کے سی آر نے 57 سال کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ کانگریس نے ڈبل بیڈ روم مکانات کی بجائے ذاتی اراضی رکھنے والے غریب عوام کو مکانات تعمیر کرنے حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپئے ادا کرنے کا وعدہ کیا ‘ یہی وعدہ آج کے سی آر نے بھی کیا ہے جس کی کانگریس پارٹی مذمت کرتی ہے اور اپنے منشور پر فخر کرتی ہے جس کی کے سی آر نے چوری کی ہے۔

اتم کمار نے کانگریس کے منشور کی ’مکھی ٹو مکھی ‘ نقل کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کانگریس نے جب اپنے منی منشور کا اعلان کیا تھا اُس وقت کے سی آر نے مذاق اڑایا تھا ساتھ ہی انکے فرزند کے ٹی آر نے کانگریس منشور پر عمل آوری کیلئے جنوبی ہند کی تمام ریاستوں کے بجٹ کو بھی ناکافی قرار دیا تھا۔ لیکن کانگریس کا منشور کتنا پُرکشش تھا ٹی آر ایس کے چوری کرلینے سے اس کا اندازہ ہوتا ہے۔ کانگریس منشور کی نقل کرکے کے سی آر نے ٹی آر ایس کی شکست قبول کرلی ہے۔کانگریس نے 4 سال تک کسانوں کے تمام قرضہ جات یکمشت معاف کرنے کا مطالبہ کیا جسے قبول نہیں کیا گیا۔ کانگریس کے 2 لاکھ روپئے کے قرض یکشمت میں معاف کرنے کا اعلان کے بعد ٹی آر ایس نے دوبارہ اقتدار ملنے پر ایک لاکھ کا قرض یکمشت معاف کرنے کا دعوی کیا۔ جس پر کسانوں اور عوام کو بھروسہ نہیں ہے۔ مسلمانوں اور قبائیلی طبقات کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ، دلت کو چیف منسٹر بنانے دلتوں اور قبائیلوں کو تین ایکر اراضی دینے کا وعدہ کیا گیا تھا پورا نہیں کیا گیا، طلبہ کی فیس جاری نہیں کی گئی، گھر گھر ملازمت کے وعدہ کو پورا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ٹی آر ایس عوامی اعتماد کھوچکی ہے۔ دوبارہ عوام کو دھوکہ دینے کانگریس منشور کو چرا کر وعدے کئے جارہے ہیں۔ 2014 کے منشور میں مارکٹ پر کنٹرول کیلئے 1000 کروڑ روپئے کسانوں کیلئے مختص کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ایک روپیہ بھی مختص نہیں کیا گیا۔ اتم کمار نے کہا کہ ریاست میں ہر طرف کانگریس کی لہر ہے۔ 12 ڈسمبر کو تلنگانہ میں کانگریس حکومت تشکیل دے گی۔

کامیابی کے بعد وعدے کے مطابق اقلیتوں اور بی سی طبقات کیلئے سب پلان تیار کیا جائے گا اور آبادی کے تناسب سے فنڈز خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے سرکاری ملازمین سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انہیں 2 جون کو تنخواہوں پر نظر ثانی کرکے عبوری راحت فراہم کریں گے اور 15 اگسٹ کو مکمل پی آر سی پر عمل کریں گے لیکن اسے پورا نہیں کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی سرکاری ملازمین سے انصاف کیا جائے گا اور سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے تمام غریب عوام کو سالانہ 6 ایل پی جی سلینڈر مفت تقسیم کئے جائیں گے۔ راشن شاپس سے دوبارہ 9 اشیاء تقسیم کی جائیں گی۔ گھر کے ہر فرد کو 7 کیلو باریک چاول دیا جائیگا۔ دلت اور قبائیلی طبقات کو راشن شاپس سے مفت اشیاء تقسیم کی جائیں گی۔ غریب عوام کو 5 لاکھ روپئے تک ہیلت انشورنس اور 5 لاکھ روپئے کا حادثاتی انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے مفت برقی تقسیم کی اور کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے اور مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں 4 فیصد تحفظات فراہم کئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس منشور میں جو وعدے کئے جارہے ہیں ان پر مکمل عمل آوری کی جائیگی۔ سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین میں فی گروپ ایک لاکھ روپئے گرانٹ اور 10 لاکھ روپئے بینکوں سے قرض دلایا جائے گا اور اس کا سود حکومت ادا کرے گی اور ابھئے ہستم پنشن کا احیاء بھی کیا جائے گا۔