کاکتیہ یونیورسٹی طلبہ جیاک قائدین جی ساریا ، حکیم نوید اور دیگر کی پریس کانفرنس
ورنگل ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تحریک میں اہم کردار ادا کرنے والے طلبہ ، سرکاری ملازمین دیگر قائدین کے ساتھ ٹی آر ایس سربراہ کارگزار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دھوکہ دیا ۔ ان خیالات کا اظہار کاکتیہ یونیورسٹی طلبہ یونین کے جیاک چیرمین جی ساریا ، کنوینر حکیم نوید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کارگزار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ گذشتہ 4 سالوں سے تلنگانہ کے عوام کو مسلسل دھوکہ دیتے آرہے ہیں ۔ غیر ضروری طور پر ریاست کی اسمبلی تحلیل کر کے انتخابات کی تیاریاں کررہے ہیں ۔ 8 ماہ قبل ہی انتخابات منعقد کر کے سرکاری خزانہ پر بوجھ عائد کیا ۔ سال 2014 میں کئے گئے ایک بھی انتخابی وعدہ کو پورا نہیں کیا ۔ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کے لیے ایک بھی ٹھوس قدم آگے نہیں بڑھایا ۔ دلت کو تین ایکڑ اراضی صرف انتخابی وعدہ رہا ۔ یونیورسٹی کے لیے اسپیشل ڈیولپمنٹ کا وعدہ ، کے جی ٹو پی جی ، نوجوانوں کے لیے ایک لاکھ نوکریاں فراہم کرنے کا جھوٹا وعدہ رہا ۔ تلنگانہ اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کارگزار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ سال 2014 کے انتخابی وعدوں کو آئندہ اقتدار میں آنے کے بعد پورا کرنے کی بات کہی ۔ جو شخص چار سال میں کچھ نہیں کرسکا وہ آئندہ کیا کرے گا ۔ عوام کا ان پر سے بھروسہ اُٹھ چکا ، تلنگانہ میں آج بھی آندھرا کے لوگوں کا غلبہ ہے ۔ بڑے بڑے ٹنڈرس آندھرائی ٹھیکیداروں کو مل رہے ہیں ۔ تعلیمی میدان میں بھی ان لوگوں کا غلبہ ہے ۔ پرائیوٹ یونیورسٹی بل کی تائید میں ہیں ۔ کے چندر شیکھر راؤ جس کی وجہ سے ریاست کے غریب طلبہ کا نقصان ہوگا ۔ کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ کی عوام کو جھوٹے دلاسے دلانے میں ماہر ہیں ۔ اب کی بار انہوں نے ریاستی انتخابات میں مجلس کا ساتھ لے رہے ہیں اور کامیاب ہونے کے بعد بی جے پی کے ساتھ مل کر این ڈی اے کا حصہ بنے گے ۔ بی جے پی کی مرکزی حکومت کا ہر موقع پر انہوں نے ساتھ دیا ہے ۔ اس موقع پر آل انڈیا اسٹوڈنٹ بلاک ، پروگریسیو ڈیموکریٹک یونین ، اے آئی ایف ، ڈی ایف و دیگر طلبہ یونین کے قائدین ایم سندیپ ، ٹی ارون ، پی ستیش ، کرشنا کانت ، نگیش ، حسین ، بلال ، رحمن پاشاہ ، شاہ رخ ، راہول و دیگر موجود تھے ۔۔