کے سی آر نے تلنگانہ کو قرض میں غرق کردیا

شاد نگر میں انتخابی مہم سے بی جے پی امیدوارڈی کے ارونا کا خطاب
شاد نگر۔/27 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس پارٹی کو فی الحال ووٹ دینا بے کار ہے، ٹی آر ایس پارٹی نے پراجکٹوں کو اہمیت دیتے ہوئے اپنے جیبوں کو بھرلیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تین سال کے اندر پالمور پراجکٹ کے ذریعہ کرشنا کا پانی فراہم کرتے ہوئے کرشنا کے پانی سے عوام کے پاؤں دھونے کا وعدہ کیا تھا۔ عوام کے پاؤں تو نہیں دھلوائے کم از کم کرشنا کے پانی سے عوام کے آنسو تک نہیں دھو سکے۔ تلنگانہ ریاست کو سنہرا تلنگانہ بنانے کا وعدہ کرنے والے چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ ریاست کو سنہرا تلنگانہ نہیں بناسکے مگر تلنگانہ ریاست کو قرض والا تلنگانہ بناکردکھادیا۔ فی الحال تلنگانہ ریاست کو 2 لاکھ کروڑ کے قرض میں مبتلاء کردیا۔ ان خیالات کا اظہار محبوب نگر پارلیمانی حلقہ کی بی جے پی پارٹی امیدوار و سابق وزیر شریمتی ڈی کے ارونا نے شاد نگر حلقہ میں اپنی انتخابی مہم چلاتے ہوئے شاد نگر ٹاؤن میں منعقدہ بی جے پی پارٹی کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو عوام کے درمیان رہنے والے اور عوامی مسائل کو حل کرنے والے قائدین کی ضرورت نہیں ہے بلکہ دولت مند اور انڈسٹریز کے مالکین کو ہی پارٹی ٹکٹ دیا ہے۔ محبوب نگر حلقہ پارلیمان ٹی آر ایس پارٹی امیدوار ایم سرینواس ریڈی فارما انڈسٹری سے وابستہ تاجر ہیں اور ان کو سیاسی میدان میں اُتارا گیا اور کانگریس پارٹی نے بھی شکست کے خوف سے امیدوار کا انتخاب کیا۔ ضلع محبوب نگر کے سینئر قائد دو مرتبہ مرکزی حکومت میں وزیر رہنے والے جے پال ریڈی نے انتخابی میدان میںآنے سے گریز کیا اور اپنی طبیعت کا بہانہ بناکر انتخابی مقابلہ کرنے سے گریز کیا۔ انہوں نے عوام کو تیقن دیا کہ میں عوام کے درمیان رہتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرنے اور یکسوئی کرنے کیلئے ہمیشہ تیار ہوں اور بی جے پی پارٹی امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر بی جے پی پارٹی قائدین اور مقامی عوام بڑی تعداد میں موجود تھے۔